جناح ہاؤس حملہ کیس میں قومی ویمن فٹبال ٹیم کی سابقہ گول کیپر گرفتار

جناح ہاؤس حملہ کیس میں قومی ویمن فٹبال ٹیم کی سابقہ گول کیپر گرفتار
لاہور پولیس نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں قومی ویمن فٹبال ٹیم کی  سابقہ گول کیپر شمائلہ ستار کو گرفتار کرلیا۔

انویسٹی گیشن پولیس کے ذرائع کے مطابق شمائلہ ستار کا نام  جیو فینسنگ کی حتمی فہرست  میں آنے کے بعد ہفتے کو لاہور میں ان کے گھر پر چھاپہ مار  کر حراست میں لیا گیا۔

پولیس کے مطابق شمائلہ ستار کے خلاف جناح ہاؤس کے باہر نصب کیمروں اور موبائل فون کی فوٹیجز کی مدد سے تفتیش کا عمل جاری ہے

پولیس کا کہنا ہے کہ شمائلہ ستار کو گرفتار کرنے کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ اور جیل میں ان کی شناخت پریڈ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ ان کا نام جیو فینسنگ کی حتمی فہرست میں آیا تھا۔

ذرائع کے مطابق شمائلہ کی شناخت جناح ہاؤس کے باہر لگے کیمروں اور موبائل فوٹیجز سے ہوئی۔

واضح رہے کہ جناح ہاؤس حملے کا مقدمہ دہشت گردی سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت درج ہے۔

9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نیب کے ہاتھوں مبینہ کرپشن کیس میں گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے، جن میں فوجی تنصیبات کے علاوہ نجی اور قومی املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا تھا۔

9مئی کو جناح ہاؤس لاہور میں تھوڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں مطلوب شرپسندوں کی گرفتاریاں جاری ہیں۔اور پولیس ذرائع کے مطابق حملے میں ملوث ہونے کے شبے میں ابتک گرفتار کئے گئے 11 سو سے زائد ملزمان میں سے 160 ملزمان کو رہا کردیا گیا ہے۔ جب کہ درجنوں افراد کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کرنے کے انہیں پاکستان فوج کے حوالے کیا جا چکا ہے۔