Get Alerts

وزیراعظم لوگوں سے کتوں کی طرح برتاؤ نہ کریں، پی ٹی آئی رکن اسمبلی نور عالم

وزیراعظم لوگوں سے کتوں کی طرح برتاؤ نہ کریں، پی ٹی آئی رکن اسمبلی نور عالم
پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں چاہیے کہ وہ ہر انسان کی عزت کریں۔ لوگوں کیساتھ کتوں کی طرح برتائو نہ کریں۔ کسی کو ڈکٹیٹ کرنے کی کوشش نہ کریں۔

واضح رہے کہ نورعالم خان نے چند روز قبل بھی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ ان کے خاندان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں ،انہوں نے کہا تھا کہ اگر ان کے خاندان کےکسی فرد کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار حکمران ہوں گے۔

نور عالم خان کا کہنا تھا کہ یہ ہمیں مائوں اور بہنوں کی گالیاں نکالنے کے بعد سمجھتے ہیں کہ میں ان کی جماعت میں واپس جائوں گا تو یہ ان کی بھول ہے۔ میں ان کے خلاف الیکشن لڑوں گا، چاہے 100 مرتبہ ہار جائوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹھیک ہے میں آپ کی ٹکٹ سے ایم این اے بنا ہوں لیکن اس کا یہ مطلب تو نہیں کہ غریب تڑپتا رہے اور ہم خاموش رہیں۔ ہم نے نہیں کہا کہ ہم عمران خان یا پی ٹی آئی کے خلاف ووٹ ڈالے گے۔ ہم نے صرف یہ کہا تھا پارلیمنٹ جائیں گے۔ ہم اب بھی تحریکِ انصاف کے ایم این ایز ہیں، کسی جماعت کو جوائن نہیں کیا۔


جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان لوگوں سے کتوں کی طرح برتاؤ نہ کریں انہیں چاہیے کہ وہ ہر انسان کی عزت کریں اور لوگوں کو ڈکٹیٹ کرنے کی کوشش نہ کریں۔

آرٹیکل 63 اے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ آرٹیکل کسی رکن پراس وقت لگتا ہے جب وہ اپنی پارٹی کے خلاف ووٹ ڈالتا ہے میں تو ابھی تک تحریک انصاف کا حصہ ہوں اور اسی جماعت کا رکن قومی اسمبلی ہوں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے اپوزیشن کے ساتھ ملنے اور حکومت مخالف ووٹ ڈالنے کا ارادہ ظاہر کرنے والے اپنی 14 ارکان کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے ہیں ، تاہم وزیراعظم عمران خان نے آج ان ارکان کو واپسی کی پیشکش کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ تمام ارکان کو معاف کردیں گے۔