اسرائیلی افواج نے جنگ بندی کے چند گھنٹوں بعد ایک بار پھر مسجد اقصیٰ سے ملحقہ صحن میں کارروائی کی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق مسجد الاقصیٰ میں ہزاروں نمازی جمعے کی نماز کے بعد جنگ بندی پر خوشی منا رہے تھے کہ اسرائیلی فورسز نے چڑھائی کردی۔جبکہ اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں پرآنسوگیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں فائر کیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز کی کارروائی میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جبکہ اس دوران مسجد کے صحن میں بھگدڑ مچ گئی۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی اہلکاروں نے صحافیوں پر بھی تشدد کیا۔ اسرائیلی فورسز کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر چڑھائی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہورہی ہیں۔
خیال رہے کہ سرائیل اور حماس کے درمیان 11 دن تک جاری رہنے والے حملوں کے بعد غزہ میں جنگ بندی کی گئی تھی جس کے بعد غزہ اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جشن منایا گیا تھا۔جنگ بندی کے کچھ ہی منٹوں بعد غزہ میں لوگوں نے جشن منایا اور سڑکوں پر نکل آئے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ایک صحافی کا کہنا ہے کہ غزہ کی سڑکوں پر گاڑیوں کے ہارن اور ہوائی فائرنگ کی آوازیں گونجنے لگیں جبکہ مغربی کنارے پر لوگ جشن منانے سڑکوں پر نکل آئے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے مصر کے سرکاری ٹی وی اور فلسطین کے عسکریت پسند گروپ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ اس جنگ بندی سے سالوں سے چلی آنے والی کشیدگی ممکنہ طور پر رک جائے گی۔ اس اعلان کے چند منٹوں بعد ہی دونوں جانب ایک بار پھر کشیدہ صورتحال پیدا ہوئی۔ اسرائیلی سرحد کے قریب آنے والے راکٹس کے لیے سائرن بجنے لگے، جبکہ روئٹرز کے ایک صحافی نے غزہ میں فضائی حملے کی آواز سنی۔