مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کا کہنا ہے کہ میرے خلاف مقدمات سے ملک کو نقصان ہوا۔ ہم 28 مئی والے ہیں، 9 مئی والے نہیں۔میری ترجیح وہی ہےجو الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا۔
سابق وزیراعظم اور سربراہ مسلم لیگ ن نواز شریف 4 سالہ خود ساختہ جلاوطنی کے بعد آج برطانیہ سے پاکستان پہنچیں گے۔ دبئی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 4 سال بعد آج پاکستان جا رہا ہوں۔ خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ اللہ کے فضل سے میں سرخرو ہوکرجا رہا ہوں۔ ہم 28 مئی والے ہیں،9 مئی والے نہیں۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ میرے خلاف مقدمات سے ملک کو نقصان ہوا۔ میں نے اور میری بیٹی نے ڈیڑھ، ڈیڑھ سو پیشیاں بھگتی ہیں۔ ناصرف ہم نے بلکہ ہماری پارٹی کے لوگوں نے بھی پیشیاں بھگتیں۔ میں نے سب کچھ اللہ پر چھوڑا ہوا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج 2017 کے مقابلے میں ملک کے حالات بہتر نہیں۔ پاکستان آگے بڑھنے کے بجائے پیچھے چلا گیا ہے۔لوگوں کے حالات بہت پریشان کن ہیں۔ بہت ہی اچھا ہوتا کہ آج 2017 کے مقابلے میں حالات بہتر ہوتے مگر دکھ کی بات ہے کہ ملک آگے جانے کے بجائے پیچھے چلا گیا۔ پاکستان میں اضطراب والے حالات ہیں جو پریشان کن ہیں اور حالات ہم نے بگاڑے بھی خود ہی ہیں اب ٹھیک بھی خود ہی کرنے ہیں۔ اب بھی امید کی کرن ہے۔ ہاتھ سے نہیں جانے دیا جائے۔ ہم اس قابل ہیں کہ حالات کوٹھیک کیا جاسکے۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں پاکستان آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ چکا تھا اب مسائل کا شکار ہے۔ وہ پاکستان جہاں لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی تھی۔ علاج کی سہولت موجود تھی کیا وہ پاکستان آج نظر آتا ہے۔ اگر ہم نے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا تو خود ہونا ہے کسی نے نہیں کرنا۔ ملک میں روٹی 4 روپے کی ملتی تھی۔ غریب کا بچہ بھی سکول جاتا تھا۔ علاج کی سہولت اور دوائیاں مفت تھیں۔ ہمیں آج دنیا کی بلند ترین قوموں میں شامل ہونا چاہیے تھا۔ افسوس کی بات ہے کہ نوبت یہاں تک کیوں آئی۔ کیا آپ کو آج وہ پہلے والاپاکستان نظر آتا ہے۔
قائد مسلم لیگ ن نے کہا کہ الیکشن کمیشن مجازادارہ ہے۔ انتخابات کی تاریخ کا اعلان وہی کرے گا۔ میری ترجیح وہی ہے جو الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا۔ مردم شماری ہوچکی اور حلقہ بندیاں ہونی ہیں۔ ہم الیکشن کیلئے بالکل تیار ہیں۔
دوسری جانب لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں ن لیگ کے جلسے کے لیے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔
پارک کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت گرد و نواح میں اضافی نفری تعینات ہوگی جب کہ شرکا کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے 16 پوائنٹس مخصوص کیے گئے ہیں۔ شرکا کو راستہ ایپ، ایف ایم ریڈیو، ہیلپ لائن 15 کے ذریعے ٹریفک صورتحال سے آگاہ رکھا جائے گا جب کہ ایمبولینسز اور ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے راستہ کلیئر رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ٹریفک ایڈوائزری پلان بسلسلہ گریٹر اقبال پارک جلسہ جاری.#lahore #PunjabPolice pic.twitter.com/5BAfu3fVf2
— Lahore Traffic Police (@ctplahore) October 20, 2023
سابق وزیراعظم نواز شریف کی آمدکے موقع پر مینار پاکستان میں جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ جلسہ گاہ میں 30 فٹ بلند، 20 فٹ چوڑا اور 120 فٹ طویل سٹیج تیارکیا گیا ہے۔
سٹیج پر نواز شریف کے خطاب کیلئے بلٹ پروف کیبن لگایا گیا ہے۔ پنڈال میں قومی اسمبلی کے حلقوں کے الگ الگ انکلیو بنائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پنڈال میں خواتین، یوتھ، لائرز اور مینارٹی ونگ کے لیے الگ الگ انکلیو بنائے گئے ہیں۔
صوبائی ٹکٹ ہولڈرز کارکنان کے ساتھ پنڈال میں موجود رہیں گے۔ اس کے علاوہ ساونڈ، لائٹس، سٹیج اور پارکنگ کے لیے 30 کوآرڈینیٹرز مقرر کئے گئے ہیں۔ جلسے میں آنے والے قافلوں کیلئے پارکنگ پلان ترتیب دیا گیا ہے۔، جس کے مطابق شاہدرہ، بتی چوک سے آنیوالے قافلوں کو راوی روڈ پر پارکنگ ملے گی۔
ملتان روڈ، فیروز پور روڈ کے قافلوں کو ٹکسالی گیٹ والی سائیڈ پر پارکنگ ملے گی جبکہ مرکزی رہنماؤں کو مینار پاکستان کے عقبی گیٹ سے انٹری دی جائے گی۔
پنڈال میں ہر ایک انکلیو میں 3500 سے 5500 کرسیاں لگائی گئی ہیں۔ مینار پاکستان پنڈال میں داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کئے گئے ہیں۔