Get Alerts

الیکشن کمیشن کا حلقہ بندیاں 30 نومبر تک مکمل کرنے کا اعلان

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ کیلئے تمام صوبوں کی نگران حکومتوں سے رابطہ کیا ہے۔ صوبوں نے الیکشن کمیشن کو 11 سے 25 فروری کے درمیان الیکشن کرانے کی سفارش کی ہے۔

الیکشن کمیشن کا حلقہ بندیاں 30 نومبر تک مکمل کرنے کا اعلان

الیکشن کمیشن نے جلد عام انتخابات کا انعقاد ممکن بنانے کے لیے حلقہ بندیاں 30 نومبر تک مکمل کرنے کا اعلان کردیا۔ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان بھی جلد متوقع ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں سیاسی جماعتوں سے مشاورت اور فیڈ بیک کو  مدنظر رکھتے ہوئے آج اہم اجلاس ہوا جس میں حلقہ بندیوں کا دورانیہ مزید کم کرنے سمیت عام انتخابات شیڈول کے اعلان اور دیگر اہم امور پر غور کیا گیا۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی مشاورت اور فیڈ بیک کے بعد حلقہ بندیوں کے دورانیے کو کم کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اب حلقہ بندیوں کی اشاعت 30 نومبر کو ہوگی اور حلقہ بندیوں کے دورانیے کو کم کرنےکا مقصد جلد الیکشن ممکن بنانا ہے۔

الیکشن کمیشن نے کہا ہےکہ حلقہ بندیوں کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن شیڈول کا اعلان بھی کردیاجائےگا۔ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کےکام کی شفافیت کو یقینی بنائے گا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ کیلئے تمام صوبوں کی نگران حکومتوں سے رابطہ کیا ہے۔ صوبوں نے الیکشن کمیشن کو 11 سے 25 فروری کے درمیان الیکشن کرانے کی سفارش کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان جلد متوقع ہے۔

دوسری جانب الیکشن کی تیاریاں سے متعلق مشاورت کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے آج گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے وفد سے ملاقات کی جس میں نئی حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کی تجدید پر بات چیت ہوئی۔

جی ڈی اے نے الیکشن سے متعلق اپنے مطالبات بھی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے سامنے رکھے۔

جی ڈی اے نے انتخابات نئی حلقہ بندیوں پر کرانے کی حمایت کردی۔ ساتھ ہی نئی مردم شماری کے مطابق حلقہ بندیوں کا کام جلد مکمل کرنے کا مطالبہ بھی کردیا۔

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ اگر حلقہ بندیاں ٹھیک نہیں ہوں گی تو شفاف انتخابات ہو ہی نہیں سکتے۔

جی ڈی اے وفد کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھنے کے باوجود صوبائی افسران کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ نہیں کی جارہی۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ان تجاویز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان پر آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کرے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا دورانیہ 14 دسمبر رکھا تھا۔