لکی مروت سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران چار عام شہری شہید، دو زخمی

ڈی پی او لکی مروت طارق حبیب نے بتایا کہ کل ہیلی کاپٹروں کے ذریعے وانڈہ سیمو میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شیلنگ کی گئی۔ جس کے بارے میں پہلے ہی ملحقہ دیہاتوں میں لاؤڈ سپیکروں کے ذریعے اعلانات کئے گئے تھے۔ یہ آپریشن پاک فوج کررہی ہے اور یہاں وانڈہ سیمو میں دہشت گردوں کے کمین گاہوں کی مصدقہ اطلاعات تھیں۔

لکی مروت سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران چار عام شہری شہید، دو زخمی

لکی وانڈہ سیمو ،سر بند کے ملحقہ پہاڑوں میں سیکورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران چار عام شہری جاں بحق ہوگئے ہیں۔ جبکہ ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

وانڈہ سیمو میں شیلنگ کے زد میں آکر چار افراد شہید ہو گئے ہیں۔ یہ تمام افراد مقامی ہیں۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کل جمعرات کو دن بھر فائرنگ کے وجہ سے ایک چرواہا پہاڑی سے واپس نہیں آسکا تھا۔ جس کی تلاش کیلئے گاؤں سے آٹھ دس افراد پر مشتمل گروپ انہیں ڈھونڈنے کیلئے پہاڑوں پر گئے۔ جہاں ان پر ڈرون حملہ کیا گیا۔ اس حملے میں حاجی سرور، خورشید خان، یسین خان، اور سعداللہ شہید ہوئے ہیں۔ شیلنگ سے سنگوال کے علاقے میں ایک خاتون بھی زخمی ہوئی ہے۔

لکی مروت میں گزشتہ ایک سال سے پاک فوج کے دستے مختلف علاقوں میں پڑاؤ ڈالے ہوئے ہیں۔ اور وقتاً فوقتاً مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتی رہتی ہیں۔

سیکیورٹی فورسز کے ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ شب نامعلوم مشتبہ افراد کی نقل و حرکت دیکھی گئی جس پر گولہ فائر کیا گیا۔ اس گولے کی زد میں وانڈہ سیمو کے یہ لوگ آگئے۔

شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ آبائی گاؤں وانڈہ سیمو میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر کے دوران یہ پہلا واقعہ ہے جس میں عام شہری نشانہ بنے ہیں۔

ڈی پی او لکی مروت طارق حبیب نے نیادور کو بتایا کہ کل ہیلی کاپٹروں کے ذریعے وانڈہ سیمو میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شیلنگ کی گئی۔ جس کے بارے میں پہلے ہی ملحقہ دیہاتوں میں لاؤڈ سپیکروں کے ذریعے اعلانات کئے گئے تھے۔ تنبیہ کے باوجود یہ لوگ کیوں پہاڑوں کی طرف گئے تھے ؟ یہ ابھی جواب طلب سوال ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ آپریشن پاک فوج کررہی ہے اور یہاں وانڈہ سیمو میں دہشت گردوں کے کمین گاہوں کی مصدقہ اطلاعات تھیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ 19/20 اکتوبر 2023 کی رات، سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع لکی مروت کے علاقے سیمو وانڈا میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران اپنے ہی فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے جب کہ ایک دہشت گرد زخمی ہوگیا جسے سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کرلیا۔ یہ دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ، آلات اور دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔ علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔