Get Alerts

نواز شریف کی واپسی، آج میری زندگی کا سب سے بڑا دن ہے: مریم نواز

سینئر نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہا کہ  جتنے عروج بھی نواز شریف نے دیکھے وہ بھی شاید کسی اور کے حصے میں نہ آئے ہوں۔ پاکستان آج نواز شریف کا ایک اور عروج دیکھنے جا رہا ہے۔

نواز شریف کی واپسی، آج میری زندگی کا سب سے بڑا دن ہے: مریم نواز

مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آج میری زندگی کا سب سے بڑا دن ہے کیونکہ نواز شریف وطن واپس آچکے ہیں۔

نواز شریف کے استقبال کے لئے ملک بھر سے قافلے لاہور پہنچ رہے ہیں۔ کارکنان اور رہنما اپنے قائد کی آمد کی خوشی میں نعرے لگارہے ہیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے جارہے ہیں۔جب کہ لیگی قیادت کی جانب سے وقتاً فوقتاً بیانات بھی سامنے آرہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ میری زندگی کا شاید آج سب سے بڑا دن ہے۔ میں اللہ ربّ العزت کی شکرگزار ہوں۔

ٹوئٹر پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ جتنے دکھ اور تکالیف نواز شریف نے پچھلے 24سالوں میں سہے، شاید ہی اس کی کوئی مثال ہو اور ان کے کچھ زخم ایسے ہیں جو کبھی نہیں بھر پائیں گے۔

سینئر نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہا کہ  جتنے عروج بھی نواز شریف نے دیکھے وہ بھی شاید کسی اور کے حصے میں نہ آئے ہوں۔ پاکستان آج نواز شریف کا ایک اور عروج دیکھنے جا رہا ہے۔

مریم نواز نے پنجابی گانے کے بول ”آ جا تینوں اکھیاں اُڈیکدیاں“ لکھ کر نواز شریف کو خوش آمدید کہا۔

سابق وزیر اعظم شہبازشریف نے بھی نواز شریف کی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ میں پنجابی زبان میں ”جی آیاں نوں“ لکھا۔

شہبازشریف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ میرا قائد نواز شریف آج انشااللہ آپ کے درمیان ہوگا۔ وہ اس قوم کو مزید تقسیم کرنے کے لیے نہیں بلکہ متحد کرنے کے لیے واپس آرہا ہے۔ وہ اپنے لوگوں میں نفرت نہیں بلکہ محبت پھیلانے واپس آرہا ہے۔ وہ آپ کو کسی جماعت یا گروہ کے لیے گولہ بارود نہیں بلکہ ایک مثبت شہری بننے میں مدد کرنے کے لیے واپس آ رہا ہے۔وہ پاکستان کو دوبارہ پٹڑی پر لانے کے لیے واپس آ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف 4سالہ خودساختہ جلاوطنی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ ان کے طیارے ” امید پاکستان“ اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور سابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ دیگر پارٹی قائدین کے ہمراہ اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے۔ سابق وزیر اعظم کی قانونی ٹیم بھی ائیرپورٹ پہنچی۔ نواز شریف اپنے اوپر موجود ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزاؤں کے خلاف اپیل کے لیے پیر کو درخواست دائر کریں گے۔

نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے سزاؤں کے خلاف اپیل کا حق بحالی کرنے کی درخواست پیر کو دائر کرنے کی تصدیق کردی۔ اطلاعات ہیں کہ نواز شریف نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواست پر دستخط کردیے ہیں اور اپیلوں کی بحالی کے لیے بائیومیٹرک سرٹیفکیٹ بھی حاصل کرلیا ہے۔