کرونا وائرس سے سب زیادہ متاثرہ صوبے پنجاب میں اب ڈینگی نے بھی اپنے قدم جمانے شروع کر دیئے ہیں۔ اب صوبے میں موسم تبدیل ہوتے ہی ڈینگی پھیلنے لگا۔ محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک ڈینگی کے 12 مریض سامنے آچکے ہیں جن میں سے 2 کا تعلق لاہور جب کہ 10 کا دیگر شہروں سے ہے۔محکمہ صحت کا کہنا ہےکہ ڈینگی سے متاثرہ تمام مریضوں کی حالت تسلی بخش ہے، ان میں سے بعض کو صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو بھیج دیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا ڈویژنز میں تاحال انسداد ڈینگی مہم شروع نہیں ہوسکی۔
گزشتہ سال ملک میں ناقص انتطامات کی وجہ سے جولائی تا نومبر ڈینگی کے 44000 سے زائد کیسز سامنے آئے تھے جب کہ 75 اموات ہوئیں تھیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اگر انسداد ڈینگی کے حوالے سے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو یہ تعداد اس سال مزید بڑھ سکتی ہے اور ہم ایک اور وبا دیکھ سکتے ہیں۔
اس حوالے سے ترجمان انسداد ڈینگی پروگرام کا کہنا ہے کہ ڈینگی مچھر کا لاروا بارشوں کی وجہ سے کھڑے پانی میں پیدا ہو رہا جس کے خاتمے کے لئے ٹیمیں متحرک ہیں اور لاروے کو تلف کرنے کے لیے اقدامات لئے جا رہے ہیں۔ انسداد ڈینگی ٹیمیں کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کررہی ہیں اور ورکرز ماسک و گلوز پہن کر کام کر رہے ہیں۔