Get Alerts

بلدیاتی انتخابات میں شکست پررپورٹ تیار، پی ٹی آئی کا ارکان اسمبلی کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

بلدیاتی انتخابات میں شکست پررپورٹ تیار، پی ٹی آئی کا ارکان اسمبلی کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
خیبرپختون خوا میں بلدیاتی انتخابات میں شکست پر رپورٹ تیار کرلی گئی ہے، جس کی بنیاد پر ارکان قومی اسمبلی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ محمود خان کی ہدایت پر بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی شکست کی وجوہات پر رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔ جس میں انکشاف ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کی شکست کی بنیادی وجہ مہنگائی کے علاوہ بڑے اندرونی اختلافات تھے، بعض ارکان اسمبلی کی جانب سے تحریک انصاف کے نامزد امیدواروں کو سپورٹ نہیں کیا گیا۔

تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ پیش کرنے سے قبل وزیراعلی محمود خان کی قریبی صوبائی وزراء سے مشاورت جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مخالف امیدواروں کو سپورٹ کرنے پر دو ارکان قومی اسمبلی اور چار ارکان صوبائی اسمبلی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

زرائع نے بتایا کہ رپورٹ پر وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس آج ملتوی کردیا گیا۔

وزیراعلیٰ و گورنر خیبرپختونخوا ، اسپیکر قومی اسمبلی اور خیبرپختونخوا کے بعض وزراء کو بھی اجلاس میں شرکت کے لیے بلایا گیا ہے۔

قبل ازیں بلدیاتی انتخابات میں شکست پر پاکستان تحریک انصاف نے بڑی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی امیدواروں کو سپورٹ نہ کرنے والے ارکان اسمبلی کی فہرستیں بھی طلب کی تھیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے شکست کی وجوہات کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کی جبکہ ان ارکان اسمبلی کو پہلے مرحلے میں نوٹس جاری کرنے اور کارروائی کے لیے وزیراعظم سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔۔ اس حوالے سے صوبائی وزیرشوکت یوسفزئی نے کہا کہ پارٹی کے خلاف جانے والوں کے خلاف کاروائی کا فیصلہ ہوگا، پارٹی ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔