Get Alerts

حکومت کا ن لیگ کا گڑھ سمجھے جانے والے حلقوں میں میگا پراجیکٹس شروع کرنے کا فیصلہ

حکومت کا ن لیگ کا گڑھ سمجھے جانے والے حلقوں میں میگا پراجیکٹس شروع کرنے کا فیصلہ
حکومت نے مخالفین کا مقابلہ سیاسی میدان میں کرنے کے لیے بڑا منصوبہ بنا لیا۔ پنجاب میں ن لیگ کا گڑھ سمجھے جانے والے حلقوں میں میگا پراجیکٹس شروع کیے جائیں گے، وزیر اعظم نے منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت نے پنجاب میں اپوزیشن جماعت ن لیگ کا مقابلہ کرنے کے لیے بڑا منصوبہ تشکیل دے دیا ہے جس کے مطابق ن لیگ کا گڑھ سمجھے جانے والے حلقوں میں حکومت اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس شروع کرنے جا رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور منڈی بہاؤالدین میں اربوں روپے کے منصوبے شروع کرنے جا رہی جس کی منظوری وزیر اعظم عمران خان دے چکے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق 13 دسمبر کو لاہور میں ہونے والے اجلاس کی صدارت وزیر اعظم عمران خان نے کی تھی جس میں ن لیگ کے اکثریتی حلقوں میں میگا پراجیکٹس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 76 نئے منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔ ان منصوبوں میں یونیورسٹیز، اسپورٹس، زراعت، انڈسٹریل اسٹیٹ، بڑی شاہراہیں اور فلائی اوورز جیسے منصوبے شامل ہوں گے۔ مذکورہ منصوبے ان شہروں کو دیے گئے ہیں جو ن لیگ کا گڑھ سمجھے جاتے ہیں۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے گوجرانوالہ ڈویژن کے لیے سب سے زیادہ 125 ارب کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی ہے جن میں سڑکوں، فلائی اوورز اور نئی یونیورسٹیز کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں، گوجرانوالہ ڈویژن میں 4 نئی یونیورسٹیز تعمیر کی جائیں گی۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ شہروں میں چاول کی پیدوار بڑھانے کے لیے 1 ارب 80 کروڑ سے زائد کا بجٹ مختص کیا گیا ہے جبکہ گندم کے لیے 1 ارب 10 کروڑ، اور سیالکوٹ میں مختلف پراجیکتس کے لیے 2 ارب سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے