وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان سیاسی لڑائی میں سرخرو ہونگے۔ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لائی تو پھنس جائے گی، شوق پورا کرنا چاہتی ہے تو کرلے۔ قلندر چھایا ہوا ہے یہ سب فارغ ہو جائیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جنرل الیکشن میں ایک سال رہ گیا ہے۔ اپوزیشن شوق سے اسلام آباد آئے، انھیں کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے تحریک عدم اعتماد پیش کی، تب بھی پھنسیں گے اور اس کے نتائج بھی بھگتیں گے۔ پھر انہوں نے رو رو کر کہنا ہے فون کالز آ گئی تھیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گلے پڑنے والی اپوزیشن اب ایک دوسرے کے پائوں پڑتی ہے۔ یہ لوگ اپنی بلوں میں گھسے ہوئے ہیں۔ مجھے اندازہ ہے کہ اپوزیشن والے اسلام آباد نہیں آئیں گے۔
پی ٹی آئی کے ناراض رہنما جہانگیر ترین بارے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ اکا کہنا تھا کہ میری ان کے ساتھ کافی عرصے سے ملاقات نہیں ہوئی، وہ اچھے آدمی ہیں۔ مجھے امید ہے کہ وہ ذمہ داری کا ثبوت دیں گے۔ میں تو یہ کہوں گا کہ ان سے بھی بات ہونی چاہیے سیاست میں کسی کیلئے دروازے بند نہیں کرنے چاہیں۔ دوستوں میں اختلافات ہو سکتے ہیں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے متنبہ کیا کہ آسٹریلوی ٹیم جلد پاکستان کے دورے پر آنے والی ہے۔ اپوزیشن کی سیاسی غلطیوں سے ملک کو کوئی نقصان ہو سکتا ہے۔ اسے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔