عارف حمید بھٹی نے انکشاف کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنے بھائی نواز شریف کی اجازت سے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کو وزیر اعلیٰ پنجاب بننے کی پیشکش کی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی عارف حمید بھٹی کا کہنا تھا کہ جب تک عمران خان وزیراعظم ہیں عثمان بزدار وزارت اعلیٰ کا منصب نہیں چھوڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے پرویز الہیٰ کو پیشکش کی ہے کہ اسمبلی کا سپیکر اور چند وزارتیں مسلم لیگ ن کے پاس ہوں گی جب کہ وزارت اعلیٰ مسلم لیگ ق کے پاس رہے تاہم انہوں نے یہ پیشکش قبول نہیں کی۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنااللہ نے پی ٹی آئی حکومت کی اہم اتحادی ق لیگ سے رابطوں کا انکشاف کیا تھا۔
جیو نیوز کے پروگرام میں انہوں نے کہا تھا کہ ق لیگ کو پی ٹی آئی سے شکایتیں ہیں جبکہ خود حکمران جماعت کے اراکین میں بھی عثمان بزدار کی تبدیلی کی خواہش پائی جاتی ہے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ اگر ق لیگ تحریک انصاف سے اتحاد کا خاتمہ کر دیتی ہے تو اس کے ساتھ مل کر جمہوری اور پارلیمانی انداز میں پنجاب حکومت گرانے کے بارے میں سوچا جائے گا۔
خیال رہے کہ حالیہ عرصے میں پی ٹی آئی کے تقریباً تمام اتحادیوں کی جانب سے شکایتیں سامنے آئی ہیں۔ کچھ روز قبل متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے اپنے استعفے کا اعلان کیا۔
دوسری جانب بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) بھی صوبے میں ترقیاتی کام نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔