''سکندر سلطان راجا جب چیف الیکشن کمشنر بن کر جوہر دکھائیں گے تو سب کو چیئرمین نیب اچھے لگیں گے''

''سکندر سلطان راجا جب چیف الیکشن کمشنر بن کر جوہر دکھائیں گے تو سب کو چیئرمین نیب اچھے لگیں گے''
الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی) کے سربراہ اور اراکین کے تقرر کے معاملے پر طویل ترین ڈیڈلاک اور مختلف مشاورتی اجلاسوں کے بعد بالآخر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کے لیے سکندر سلطان راجا کے نام پر اتفاق ہوا ہے۔

سکندر سلطان راجا کے بطور چیف الیکشن کمشنر نامزد ہونے پر سینئر صحافی طلعت حسین نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ سکندر سلطان راجا جب چیف الیکشن کمشنر بن کر اپنے جوہر دکھائیں گے تو ن لیگ سمیت دوسری جماعتوں کو نیب چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اچھے لگیں گے۔



واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے قائم کمیٹی کے 13ویں اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن میں سکندر سلطان راجا کے نام پر اتفاق ہوا۔

اس حوالے سے شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ پارلیمان نے فیصلہ کیا اور ہم نے کسی اور ادارے کو ذمہ داری نہیں سونپی کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ پارلیمان کے فیصلے پارلیمان کے اندر ہی ہونے چاہیے۔

خیال رہے کہ ملکی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے لیے کسی سابق بیورو کریٹ کے نام پر اتفاق کیا گیا ہے۔

سکندر سلطان راجا کون ہیں؟

سکندر سلطان راجہ ضلع سرگودھا کے گاؤں بھیرہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ ہائی سکول بھیرہ، میٹرک اور ایف ایس سی کیڈٹ کالج حسن ابدال سے کیا، ایم بی بی ایس کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے کیا جب کہ ایل ایل بی کی ڈگری پنجاب یونیورسٹی سے حاصل کی۔

ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ نے سی ایس ایس 1987 میں کیا اور ڈی ایم جی/پی اے ایس گروپ میں شامل ہوئے۔ کیریئر کا آغاز اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کی حیثیت سے کیا۔

اپنی ملازمت کے دوران سکندر سلطان راجہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب، صوبائی سیکریٹری مواصلات اینڈ ورکس پنجاب، صوبائی سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی، صوبائی سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیویلپمنٹ پنجاب کے اہم عہدے پر فائز رہے۔

سکندر سلطان راجا کچھ ماہ قبل ہی سیکریٹری ریلوے کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے تھے جبکہ وہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے پیٹرولیم سیکریٹری اور چیف سیکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

اس کے علاوہ وہ ڈائریکٹر جنرل (پاسپورٹس) بھی رہے اس وقت چوہدری نثار علی خان وزیر داخلہ تھے۔ سکندر سلطان راجا، سعید مہدی کے داماد ہیں، جو سابق وزیراعظم نواز شریف اور اسلام آباد کے چیف کمشنر عامر احمد علی کے برادر نسبتی کے پرنسپل سیکرٹری رہ چکے ہیں اور آج کل عمران خان کے کافی قریبی سمجھے جاتے ہیں۔

سکندر سلطان راجا کے والد آرمی افسر تھے جبکہ ان کی اہلیہ رباب سکندر پاکستان کسٹمز میں 21ویں گریڈ کی افسر ہیں۔