پی ٹی آئی کا چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کا چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ پارٹی چیئرمین عمران خان کے زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے زیر صدارت ہونے والے اس اہم اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں بھی مشاورت کی گئی۔ عمران خان نے ریفرنس دائر کرنے کے لیے قانونی ماہرین کو معاملات شروع کرنے کی ہدایت کردی۔

اس اجلاس میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، فواد چودھری، ڈاکٹر بابر اعوان، شیریں مزاری سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔ اجلاس میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کے حوالے سے ہونے والی ملاقات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے کردار کا جائزہ لیتے ہوئے کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اُڑا کر رکھ دی ہیں۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن کیخلاف صوبوں میں قراردادیں لانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس حوالے سے پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں عدم اعتماد کی قرارداد لائی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کیخلاف ریفرنس دائر کیا جائے جائے گا

اجلاس سے قبل فواد چودھری کا پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کیخلاف جوڈیشل کمیشن میں ریفرنس لانے کیلئے بھی مشاورت کی جا رہی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا اور دیگر ممبران کی حکومتی وفد سے ملاقات ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجودہ سیاسی بحران چیف الیکشن کمشنر کی وجہ سے ہے۔ ان کا بچوں والا رویہ ہے۔ یہ لوگ الیکشن اس لئے نہیں کروا رہے کہ ہم جیت جائیں گے۔