خواجہ سراؤں کے مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے ویب سائٹ کا اجراء

خواجہ سراؤں کے مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے ویب سائٹ کا اجراء
ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے ویب سائٹ”دی ٹرانس پریس“ کا اجراء  کیا گیا ہے۔

دی ٹرانس پریس پاکستان میں اپنی نوعیت کا واحد ادارہ ہے جس کا مقصد صرف خواجہ سرا کمیونٹی کے متعلق خبریں، تبصرے اور تجزیے شائع کرنا ہے تاکہ ان کے مسائل، محرومیوں، بنیادی حقوق، ان سے روا رکھے گئے نامناسب معاشرتی رویے اور کامیابیوں کو نمایاں کرتے ہوئے معاشرے میں برابری کا احساس اجاگر کیا جاسکے۔

دی ٹرانس پریس پراجیکٹ کے چیف ایڈیٹر عامربلال ایڈووکیٹ اپنی قانونی امور کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے خواجہ سراء کمیونٹی کو مفت قانونی مشوروں کے ساتھ ساتھ درپیش قانونی مسائل پر بھی اس پلیٹ فارم کے توسط سے ہر ممکن مدد فراہم کریں گے، جبکہ ایڈیٹر عبید بھٹی اور ٹیم کے دیگر افراد اپنی صحافتی صلاحیتوں اور تجربے کی مدد سے تیسری جنس کی محرومیوں سے متعلق عوام میں آگاہی اور مین سٹریم میڈیا تک رسائی کیلیے کام کریں گے۔ 

دی ٹرانس پریس کی کوشش ہے کہ اس کے ساتھ منسلک لوگوں اور کام کرنے والی ٹیم میں زیادہ سے زیادہ تعداد خواجہ سرا کمیونٹی سے ہو تاکہ خبروں، حقیقی مسائل، احساسات، محرومیوں کی جانکاری تک حقیقی رسائی اور انکے تدارک میں حقیقی مدد مل سکے۔ 

ٹیم کے ممبز عبید بھٹی نے نیادور سے گفتگو میں بتایا کہ اس پلیٹ فارم کے تحت ہم خواجہ سراؤں کی ذاتی، سیاسی، سماجی، معاشی اور مجموعی ترقی پر نظر رکھنے کی کوشش کریں گے، اس پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کے طور پر دی ٹرانس پریس ویب سائٹ کا آغاز نومبر 2019 میں کیا گیا، جبکہ دوسرے مرحلے میں اخبار شائع کرنے کا ارادہ ہے، بعد ازاں میگزین اور آن لائن نیوز چینل بنانے کا ارداہ ہے تاکہ مقصد کو حقیقی معنوں میں عملی جامہ پہنانا مزید آسان ہو۔

ان کا مزید کنا تھا کہ اس پراجیکٹ سے متعلق جب ہم نے خواجہ سرا کمیونٹی کے لوگوں سے رائے لی تو ہمیں بہت حوصلہ افزاء ردعمل ملا، جبکہ دیگر شہریوں کی جانب سے بھی ہماری اس کاوش کو سراہا جارہاہے۔