Get Alerts

پی ٹی آئی قیادت نے الزامات کا جواب دینے کی بجائے احمد جواد کو پارٹی سے نکال دیا

پی ٹی آئی قیادت نے الزامات کا جواب دینے کی بجائے احمد جواد کو پارٹی سے نکال دیا
حکمران جماعت تحریک انصاف نے اپنے سینئر رہنما احمد جواد کے الزامات کا جواب دینے کی بجائے انھیں ڈسپلن کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے پارٹی سے ہی نکال دیا ہے۔
خیال رہے کہ احمد جواد نے پی ٹی آئی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان وزیراعظم بننے کے بعد درباریوں کے گھیرے میں آگئے ہیں۔ عمران خان کے پاس بہت سے جوکر موجود ہیں، جنھیں پتا نہیں کہاں کہاں سے اٹھا کر مسلط کر دیا گیا ہے۔ ان جوکروں کا تحریک انصاف کے نظریات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
احمد جواد نے کہا تھا کہ میں شروعات سے تحریک انصاف کے ساتھ تھا اور اپنی جیب پارٹی اخراجات کرتا تھا۔ میں نے ایک نظریے کے تحت پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی جو اب نہیں رہا۔
پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سابق سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے بے بنیاد الزام تراشی کی اس لئے قائمہ کمیٹی نظم واحتساب نے پان کی ارٹی رکنیت ختم کر دی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ احمد جواد کو 12 اور 19 جنوری کو اظہار وجوہ کے دو نوٹس جاری کئے گئے تھے لیکن انہوں نے صفائی پیش کرنے کے بجائے الزامات کی نئی فہرست بھجوا دی۔
تحریک انصاف کی قائمہ کمیٹی برائے نظم واحتساب کی دو رکنی ذیلی کمیٹی نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ شواہد اور احمد جواد کے تحریری جواب پر بنیادی رکنیت کے خاتمے کا متفقہ فیصلہ سنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان ریاست مدینہ کا حکمران ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے میرے سوالوں کا جواب دیں
پی ٹی آئی کے ناراض رہنما احمد جواد نے وزیراعظم عمران خان سے سوالات اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے اربوں کے فنڈز سے یہ پارٹی پچھلے پندرہ سالوں سے چل رہی ہے؟ آپ نے انہیں نمائندگی کیوں نہیں دی؟ اس سے دھوکے کا کون ذمہ دار ہے؟
نیا دور کے پلیٹ فارم سے انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے سوال پوچھتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے ان سوالوں کے شوکاز کا جواب دے دیا تو میں اپنی ٹویٹس کا بھی جواب دے دوں گا۔ اب ریاست مدینہ کے حکمران ہونے کا ثبوت دیں اور میرے سوالوں کا جواب بھی دیں اور میرے خلاف دھمکیوں کو بند کریں۔ انہوں نے ترتیب وار اپنے سوالوں میں پوچھا کہ،،،
شیخ رشید جسے آپ چپڑاسی بھی نہیں رکھنا چاہتے تھے، اس کی چپڑاسی سے وزیر ریلوے اور وزیر داخلہ ترقی کیسے ہوئی؟
مفادات کا ٹکرائو جسے آپ برائی کی جڑ سمجھتے تھے وہ رزاق دائود کے اربوں کے ٹھیکے میں کیسے حلال ہو گیا؟
وہ جو دو سو اداروں کے ایکسپرٹ آپ نے ڈھونڈے تھے، وہ کہاں غائب ہو گئے؟ کوئی ایک ادارہ بتا دیں جو آپ نے ساڑھے تین میں قابل قدر مثال بنایا ہو؟
ریاست مدینہ میں سود کی گنجائش نہیں اور قرآن میں اس کی سختی سے ممانعت ہے، آپ کی ریاست مدینہ سود ختم کیوں نہیں ہوا؟
آپ کا فرمان تھا کہ صرف کرپٹ لوگوں کو میڈیا کا خوف ہوتا ہے، آپ کے دور میں میڈیا پر ملٹری ڈکٹیٹر سے زیادہ پابندیاں لگیں، کیا آپ کرپٹ ہیں؟ میڈیا کی آزادی کی انٹرنیشنل ریٹنگ میں پاکستان آپ کے دور میں مزید نیچے چلا گیا۔ کیا آپ میڈیا کی آزادی سلب کرنے کے ذمہ دار نہیں؟
ریاست مدینہ میں اقلیتوں کے حقوق کو بڑی اہمیت حاصل ہے لیکن اقلیتوں کے خلاف بدترین حملے آپ کے دور میں ہوئے۔ آپ اقلیتوں کو تحفظ کیوں نہیں دے سکے؟
آپ نے پولیس ریفارم لانے کا وعدہ کیا تھا، ساڑھے تین سال میں کیوں نافذ نہیں ہوسکی؟
آپ نے سول سٹرکچر میں ریفارم کا وعدہ کیا تھا، کیوں آج تک آپ ریفارم متعارف نہیں کروا سکے؟
الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق آپ کے پاس تین ماہ کا وقت ہے انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کا۔ ابھی تک الیکشن کا اعلان کیوں نہیں ہوا؟
فارن فنڈنگ کیس میں آپ نے پارٹی فنڈز پارٹی ملازمین کے نام پر کیوں منگوائے؟ اگر یہ درست ہے تو اپوزیشن لیڈرز پر اپنے ملازمین کے نام پیسے ٹرانسفر کرنے کو منی لانڈرنگ کہنا چاہیے؟
آپ کا چہیتا وزیر حماد اظہر، شاہزیب خان زادہ کے سوالات کا جواب کیوں نہیں دے سکا؟ کیا یہ بھی آپ کا منصور اختر ہے؟
کیا پاکستان آپ اور آپ کے درجنوں منصور اختر کی پریکٹس پچ ہے؟
اگر نواز شریف کی بیماری کو آج آپ کے وزیر فراڈ کہہ رہے ہیں تو اس توجیح سے کیا فیصل سلطان سب سے بڑا فراڈ نہیں جس نے نواز شریف کی بیماری کے درست ہونے کا سرٹیفیکیٹ دیا؟
آپ کا بنی گالا کا گھر اور کانسٹیٹیوشن ایونیو کا فلیٹ کیسے غیر قانونی سے قانونی ہو گیا؟ کیا غریبوں کے گھر ریگولرائز نہیں ہو سکتے جیسے کانسٹیٹیوشن ایونیو ریگولرائز ہو گیا؟
آپ نے سالانہ ریونیو کولیکشن کے حوالے سے قوم کو غلط اعدادوشمار بتائے؟ کیا اس جھوٹ کے بعد آپ صادق اور امین ہیں؟
احمد جواد کا کہنا تھا کہ میرے خلاف آپ کی ہدایات انشاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی کیونکہ میرے اور آپ میں ایک فرق ہے کہ ہر روز سونے سے پہلے میری دو بیٹیاں میری حفاظت اور سلامتی کی دعا کرتی ہیں لیکن آپ اس سے محروم ہیں اپنی غلطیوں کی وجہ سے؟ آپ کو اندازہ نہیں کہ بیٹی کی دعا کیا ہوتی ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ اگر مجھے کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار آپ ہوں گے اور میری فیملی پر اگر کوئی آنچ بھی آئی، میں آپ کا قبر تک پیچھا کروں گا۔ ویسے میں نے پچھلے دس دن میں چالیس ٹویٹس کی ہیں، اس لئے شوکاز کو تبدیل کر لیں۔ میری ان چالیس ٹویٹس کو بیس لاکھ لوگوں نے دیکھا، بہت بڑی اکثریت نے اتفاق کیا، ری ٹویٹ کیا۔ صرف دو ہزار کمنٹ منفی تھے، اور یہ بھی پورے پاکستان سے آپ کے صرف دو سو سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کے دوہرائے ہوئے کمنٹس تھے۔ آپ کو پتا ہی نہیں چلا آپ کی سوشل میڈیا بھی فیل ہو گئی یا اُن کا بھی ضمیر میری طرح جاگ گیا۔ اب ان کی ڈانٹ ڈپٹ نا شروع کر دیجئے گا؟ آپ کے جوابات کا انتظار اب پوری قوم کو ہے۔