ملک بھر کے ائیر پورٹس پر مسافروں کے سامان کی پلاسٹک ریپنگ لازمی کروانے کا حکم نامہ منسوخ، کوئی مسافر اپنی مرضی سے اپنے سامان کی پلاسٹک ریپنگ کروانا چاہے تو اسے یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے ملک بھر کے ائیر پورٹس پر پلاسٹک ریپنگ پر عوامی ردعمل اور مسافروں کی جانب سے مزاحمت کے پیش نظر سامان کی پلاسٹک ریپنگ لازمی کروانے کا حکم نامہ منسوخ کردیا ہے۔ نئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی مسافر اپنی مرضی سے پلاسٹک ریپنگ کروانا چاہتا ہے تو اسے سہولت فراہم کی جائے گی اور اگر کوئی مسافر اپنے سامان کی پلاسٹک ریپنگ نہیں کروانا چاہتا تو اس کے لیے لازمی نہیں ہوگا۔
یاد رہے کہ سول ایوی ایشن ڈویژن نے 20 جولائی کو جاری کیے گئے اپنے مراسلے میں بیرون ملک جانے والے مسافروں کے سامان کو پلاسٹک ریپنگ کرانا لازمی قرار دیا تھا اور ائیرپورٹس پر سامان کی ریپنگ کیلئے مزید مشینیں لگانے کی ہدایت بھی کی تھی۔
سول ایوی ایشن ڈویژن کے اس اقدام پر سخت عوامی رد عمل سامنے آیا، جس کے بعد اس فیصلے کو واپس لے لیا گیا ہے۔ ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل نے بھی اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے خیال میں یہ ایک غیر ضروری اقدام ہے۔ متعلقہ ادارے سے گزارش کی ہے کہ ایسے غیر ضروری خطوط لکھنے کی وجہ معلوم کی جائے۔ یہ ماحول کو بھی آلودہ کرے گا اور عوام کو پریشان بھی۔
خیال رہے کہ ائیرپورٹ پر مسافروں کے سامان کی پلاسٹک ریپنگ کا ٹھیکہ ائیر مارشل (ر) شاہد لطیف کی کمپنی ائیرکیرو کے پاس ہے۔
ماضی میں بھی ملک بھر کے ائیر پورٹس پر پلاسٹک ریپنگ کروانے کا فیصلہ مسلط کرنے کی کوشش کی گی تھی لیکن مسافروں کی جانب سے سخت مزاحمت پر یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا تھا۔