Get Alerts

پیسے لینے کا الزام جھوٹا اور بہتان ہے، پی ٹی آئی کی منحرف رکن وجیہہ قمر نے قران پر حلف اٹھا لیا

پیسے لینے کا الزام جھوٹا اور بہتان ہے، پی ٹی آئی کی منحرف رکن وجیہہ قمر نے قران پر حلف اٹھا لیا
حکمران جماعت تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی وجیہہ قمر نے قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھایا ہے کہ پیسے لینے کا الزام جھوٹا اور بہتان ہے۔ حلفاً کہتی ہوں کہ مجھے کسی نے پیسے دینے کا وعدہ نہیں کیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وجیہہ قمر کا کہنا تھا کہ میں اپنے حلقے کیلئے کام کر رہی تھی تو کہا گیا یہاں سے الیکٹیبل کو ٹکٹ دیں گے۔ مخصوص نشست دے کر مجھ پر کوئی احسان نہیں کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کو متعدد مرتبہ اپنے تحفظات سے آگاہ کر چکی ہوں۔

رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ حالات یہ ہیں کہ ابھی تو میں نے پارٹی چھوڑی نہیں، میں ابھی بھی تحریک انصاف کا حصہ ہوں۔ امید ہے عدلیہ ہمارے حق میں فیصلہ دے گی۔ ڈی سیٹ کرنے کی دھمکی سے ہماری آواز نہیں دبائی جا سکتی۔ میں بھی حسینیت کی راہ پر ہوں۔

ان کا کہنا تھاکہ میں قرآن پر ہاتھ رکھ کر اپنے متعلق بات کر سکتی ہوں تو کیا وزیراعظم عمران خان ایسا کر سکتے ہیں؟ کیا ان کے اردگرد لوگ کرپشن میں ملوث نہیں؟ کیا وہ یہ کہہ سکتے ہیں جو گھڑی سعودی عرب سے تحفہ ملی، وہ انہوں نے بازار میں نہیں بیچ دی؟ صرف سلیکٹڈ احتساب کیا گیا اور مخالفین کو نشانہ بنایا گیا۔

رکن قومی اسمبلی وجیہہ قمر نے قرآن پاک پر ہاتھ رکھتے ہوئے کہا کہ حلفیہ کہتی ہوں مجھے کسی نے پیسے دینے کا وعدہ نہیں کیا اور حلفیہ کہتی ہوں کہ پیسے لینے کا الزام جھوٹا اور بہتان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ارکان کے گھروں پر حملے کیے گئے اور باپ دادا تک پہنچ گئے ، ریاست مدینہ کیا تقریریں کرنے یا ہاتھ میں تسبیح سے بن جاتی ہے؟ یہ سب عوام کو پاگل بنانے کیلئے ایک ڈھونگ تھا۔ کچھ دنوں سے صبرو تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہوں۔ ریاست مدینہ یہ سکھاتی ہے جو ہم آج کل اپنی اخلاقیات کا نمونہ پیش کر رہے ہیں؟