انڈونیشیا: صدر جوکو ودودو کی جیت کے اعلان کے بعد حالات کشیدہ، 6 افراد ہلاک

انڈونیشیا: صدر جوکو ودودو کی جیت کے اعلان کے بعد حالات کشیدہ، 6 افراد ہلاک
جکارتہ : انڈونیشیا میں صدارتی انتخابات میں صدر جوکو ودودو کی جیت کے اعلان کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی اور پُرتشدد واقعات میں 6 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دارالحکومت میں فوج تعینات کردی گئی ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشین انتخابات میں صدر ودودو کی پچپن عشاریہ پانچ فیصد ووٹوں سے کامیابی کے اعلان کے بعد مخالف امیدوار پرابوو سبنتو کے ہزاروں حامی سڑکوں پر نکل آئے اور الیکشن کمیشن کا گھیراؤ کرلیا۔

پولیس نےمظاہرین پر لاٹھی چارج اور آنس گیس کے شیل بھی فائر کردیے، ہنگامہ آرائی کےباعث چھ افراد جان سے گئے جبکہ دوسو سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ جکارتہ کےمتاثرہ علاقے میں ٹرین اسٹیشن، شاپنگ مالز، اسکول اور کاروباری مراکز آج بند ہیں۔

انڈونیشین پولیس کا کہنا ہے کہ جکارتہ میں جھڑپوں میں ہونے والی ہلاکت سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہیں، مظاہرین کو ہتھیار پہنچانے کے الزام میں خصوصی فورسز کا سابق کمانڈر بھی زیر حراست ہے۔

جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کرنے والےستر مشتعل مظاہرین کوپولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔حالات کنٹرول کرنے کیلئے جکارتا میں تیس ہزار سےزائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔