Get Alerts

عمران خان کی سیاست اپنے ذاتی مفادات سے جڑی ہے: شیری رحمان

عمران خان کی سیاست اپنے ذاتی مفادات سے جڑی ہے: شیری رحمان
وفاقی وزیر برائے ماحولیات اور پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست ملک اور قوم سے نہیں بلکہ اپنے ذاتی مفادات سے جڑی ہے۔ امریکی لابنگ فرم سے معاہدہ کرنے کے بعد عمران خان امریکا اور اسٹیبلشمنٹ پر لگائے گئے الزامات پر مسلسل یوٹرن لے رہے ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے منگل کے روز  سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا کہ گزشتہ 7 ماہ سے عمران خان امریکہ اور اسٹیبلشمنٹ پر حکومت گرانے کا الزام لگا رہے تھے لیکن اب  اچانک ان کو خیال آگیا کہ ان کی حکومت گرانے میں بیرونی اور اندرونی سازش نہیں تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حقیقی آزادی کے جھوٹے بیانیے کی بنیاد پر ملک میں تقسیم، نفرت اور انتشار پھیلایا گیا۔ ‏نفرت انگیز سیاست سے ملک اور اداروں کو نقصان ہوا۔ کیا ایک یوٹرن لینے سے ازالہ ہو جائیگا؟ ان کی تمام سیاسی زندگی یوٹرن میں ہی گزری ہے کیوں کہ ان کی سیاست ملک اور عوام سے نہیں بلکہ ان کے اپنے ذاتی مفادات سے جڑی ہوئی ہے۔

شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ بظاہر یہ جانتے تھے کہ عدم اعتماد میں کوئی بھی سازش شامل نہیں تھی۔ وہ ایک آئینی اور پارلیمانی معاملہ تھا لیکن موقع سے سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے انہوں نے پاکستان کے عالمی تعلقات کو داؤ پر لگایا۔