Get Alerts

ٹانک: لڑکیوں کے زیر تعمیر سکول میں بم دھماکا، کلاس روم مکمل تباہ

ٹانک: لڑکیوں کے زیر تعمیر سکول میں بم دھماکا، کلاس روم مکمل تباہ
 

صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے ٹانک میں لڑکیوں کے زیر تعمیر سکول کو بم سے اڑانے کی کوشش کی گئی، دہشتگردی کے واقعے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا، ایک کلاس روم مکمل تباہ ہو گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دہشتگردی کا نشانہ بننے والا یہ سکول ٹانک شہر سے 15 کلومیٹر دور تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ابھی تک کسی نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے دھماکا خیز مواد سکول کی دیواروں کیساتھ نصب کیا تھا۔ دہشتگردی کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

حکام کے مطابق سکول کو بم سے اڑانے والے دہشتگردوں کا کھوج لگانے کیلئے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں علاقے کی ناکہ بندی کرکے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ادھر بم ڈسپوزل سکواڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں پتا چلا ہے کہ اس دھماکے میں 7 کلوگرام تک باردوی مواد استعمال کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ جولائی میں پشاور کے ایک سکول میں دستی بم پھینکا گیا تھا لیکن خوش قسمتی سے دھماکے کے وقت کوئی وہاں موجود نہیں تھا۔

اس سے قبل شمالی وزیرستان میں لڑکیوں کے سکول میں امتحانات کے دوران دھماکا کیا گیا لیکن یہاں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

تاہم گزشتہ سال 2020ء میں پشاور کے ایک مدرسے میں ہونیوالے دھماکے میں 8 طالبعلم جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔