Get Alerts

لاہور میں گھریلو ملازمہ کا ریپ کے بعد قتل

صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے فیصل ٹائون کے ایک مکان کے سوئمنگ پول سے 11 سالہ ملازمہ کی لاش برآمد ہوئی ہے جسے مبینہ طور پر ریپ کے بعد قتل کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق،  ملازمہ کی لاش سوئمنگ پول کی سطح پر تیر رہی تھی جسے دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی گئی جس نے مقتولہ کے 17 سالہ عزیز کو لڑکی سے ریپ کرنے کے بعد اسے قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق، یہ مکان ابراہیم نامی شخص کی ملکیت ہے اور مبینہ ملزم بھی اس مکان میں ملازم تھا۔



پولیس کے مطابق، وقوعہ کے روز مالکان گھر سے باہر تھے اور دونوں ملازمین ہی گھر میں موجود تھے۔

پولیس نے کہا ہے کہ وہ اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لڑکی کی لاش کو سوئمنگ پول سے نکالا گیا جس کی گردن پر نشانات تھے جس کے باعث پولیس معاملے کی سنگینی کے حوالے سے الرٹ ہو گئی اور جب مقتولہ کے عزیز سے تفتیش کی گئی تو اس کے بیانات مسلسل تبدیل ہو رہے تھے جس نے بعدازاں لڑکی سے ریپ کا اعتراف کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں پڑّوسی کا مبینہ طور پر دو سالہ بچی سے ریپ، ملزم گرفتار

مبینہ ملزم نے اپنا جرم چھپانے کے لیے لڑکی کو سوئمنگ پول میں ڈبو کر مار دیا۔ لڑکی کے والدین کو وقوعہ کی اطلاع دے دی گئی ہے جنہیں لاش کا پوسٹ مارٹم کروانے پر بھی رضامند کر لیا گیا ہے تاکہ مزید ثبوت حاصل کیے جا سکیں۔