پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) پر اتوار کے ضمنی انتخابات کے نتائج میں "دھاندلی" کا الزام لگایا ہے، جس میں پارٹی نے زیادہ تر قومی اور صوبائی نشستیں جیتیں۔پی ٹی آئی نے ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جمعے کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر برائے قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں بھی بدترین دھاندلی کر کے اپنے امیدواروں کو جتوایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سے زیادہ لیگی امیدوار کو ووٹ ملنا ہی دھاندلی ہے۔ لاہور اور گجرات میں جعلی طور پر امیدواروں کو ہروایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نقل کے لیے بھی عقل چاہیے مگر بدقسمتی سے یہاں عقل کا فقدان ہے۔عمر ایوب نے الزام عائد کیا کہ ڈی پی او گجرات بھی دھاندلی میں ملوث تھے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں دھاندلی کے خلاف جمعے کے روز احتجاج کریں گے۔ احتجاج کا آغاز تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم کے تحت فیصل آباد سے ہوگا اور پانچ مئی کو کراچی میں جلسہ ہوگا۔
بیرسٹر گوہر نے الیکشن کمیشن سے ضمنی الیکشن میں جیتنے والے امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا کرتے ہوئے عدالت سے مبینہ دھاندلی پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
ابتدائی نتائج کے اجراء کے بعد 21 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کو قومی اور صوبائی اسمبلی کی اکثریتی نشستوں پر فاتح قرار دیا گیا۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق، پارٹی نے صوبائی اسمبلیوں کی 16 میں سے 10 اور قومی اسمبلی کی پانچ میں سے کم از کم دو نشستیں حاصل کیں۔
جبکہ پاکستان مسلم لیگ قائد (پی ایم ایل-ق)، استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی)، سنی اتحاد کونسل، جسے پی ٹی آئی کی حمایت حاصل ہے، اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے صوبائی اسمبلیوں میں ایک ایک نشست حاصل کی ہے۔