Get Alerts

شہری صرف ایک دن میں اپنا پاسپورٹ حاصل کریں، سہولت متعارف، فیس کتنی ہوگی؟

شہری صرف ایک دن میں اپنا پاسپورٹ حاصل کریں، سہولت متعارف، فیس کتنی ہوگی؟
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اعلان کیا ہے کہ ہم حکومتی مشینری میں جدت لا رہے ہیں جس کے ذریعے اب کوئی بھی شہری اپنا پاسپورٹ ایک ہی دن میں حاصل کر سکے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے بڑی خبر دیتے ہوئے کہا کہ اب ہر عام شہری اپنے پاسپورٹ کا اجرا صرف ایک ہی دن میں کروا سکتا ہے جس کی فیس 10 ہزار کے قریب ہوگی۔ صرف 24 گھنٹوں میں پاسپورٹ بنا کر دینگے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا جعلی شناختی کارڈ کی بہت سی شکایات تھیں جس کیلئے نادرا میں ایک مکمل کریک ڈائون کیا گیا اور ہزاروں افراد کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں 136 افسروں کو برطرف کیا گیا جبکہ 90 افسروں کیخلاف انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت میں نادرا کا 10 سالہ گند صاف کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پندرہ اگست سے اب تک بیس ہزار لوگ افغانستان سے پاکستان آئے جبکہ چھ ہزار واپس گئے ہیں۔ چمن بارڈر پر آئی بی ایم ایس کے چھ ٹرمینل فراہم کر دیے ہیں۔ ہم نے طورخم اور چمن پر بھی نادرا کی گاڑیاں کھڑی کی ہوئی ہیں۔ افغانستان سے آنیوالوں کیلئے تین ہفتوں تک آن لائن کیا جائیگا۔