'حکمرانوں کی پیکنگ شروع ، یہ جلد جانے والے ہیں'

'حکمرانوں کی پیکنگ شروع ، یہ جلد جانے والے ہیں'
پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی پیکنگ شروع ہوچکی، یہ جلد جانے والے ہیں، انکا آگے مزید برا حشر ہونے والا ہے،یہ اب الیکشن سے بھاگیں گے۔

اسلام آباد میں اساتذہ دھرنےسےخطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ ملک میں جنگجوئوں کی حکومت ہے، جو معاشرہ اساتذہ کی عزت نہیں کرتا وہ برباد ہو جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معزز پیشہ کے اساتذہ کو سڑکوں پر دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔ میں اور میری پارٹی آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ استاد ہمارے لیے محترم ہیں، جو معاشرہ ٹیچرز کی عزت نہیں کرتا وہ برباد ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایسا شہر ہے جہاں ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کے بچے سرکاری سکول میں داخل ہوں مگر افسوس قابل احترام اساتذہ سڑک پر بیٹھے ہیں۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک میں جنگجووں کی حکومت ہے، اسی حکومت کے لیڈروں نے پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ کروایا۔ یہ حکمران پارلیمان سے بھی ڈرتے ہیں۔ ان حکمرانوں نے غربت کی بجائے غریب سے جنگ کی۔ پیشہ ور سرکاری ملازمین کو انھوں نے تنگ کر رکھا ہے جبکہ فیڈرل تعلیمی اداروں کو ایسے ادارے کے ماتحت کر رہے ہیں جس کا میئر ہی نہیں ہے۔