ووٹ چوری قوم سے غداری: الیکشن کمیشن ووٹ چوروں کو سزا دو، قوم تمہارے ساتھ ہے،نواز شریف

ووٹ چوری قوم سے غداری: الیکشن کمیشن ووٹ چوروں کو سزا دو، قوم تمہارے ساتھ ہے،نواز شریف
19 فروری کو ڈسکہ میں الیکشن چوری نہیں ہوا بلکہ اسکو چوری ہوتے ہوئے دیکھ بھی لیا اور پکڑ بھی لیا۔ کس طرح کسی بھی آئین اور قانون کو نہ مانتے ہوئے اور پامال کرتے ہوئے دن دیہاڑے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا۔  پولنگ سٹیشنز کے باہر فائرنگ ہوتی رہی۔ ار یہ سب دن کے اجالے میں ہوا۔ میں آپ کو یہ بھی بتاؤں کہ 20 پرزائڈنگ آفیسرز قانون کا مذاق اڑاتے ہوئے یا تو اپنی مرضی سے ملی بھگت  سے غائب ہوئے یا پھر کر دیئے گئے۔ اور جب وہ دھند سے نمودار ہوئے تو صرف ووٹ ہی نہیں اس کی شرح بھی تبدیل کر دی گئی۔ 300 پولنگ سٹیسشنز پر شرح پینتیس فیصد اور باقی میں 85  تک چلی گئی۔ اس نے 2018 میں ہونے والی دھاندلی اور ووٹ چوری کو بے نقاب کیا اور ووٹ چور بھی پکڑے گئے۔ 2018 میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی تھی اور جیسا کہ آپ سب کو پتہ ہے کہ تب بھی نتائج روک لیئے گئے تھے اور اس چھوٹے سے حلقے میں بھی نتائج نہیں آنے دیئے گئے۔

اور جب آپ دیکھیں کہ رزلٹ رک گیا ہے تو سمجھ جائیں کہ پیچھے گڑ بڑ ہو رہی ہے اور نتائج تبدیل کیئے جارہے ہیں۔ عوام نے واضح رائے کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کو دو بار فتح سے ہمکنار کیا ہے۔ ضمنی انتخابات میں جو سوالات سامنے آئیں ہیں الیکشن کمیشن کو اس کے حوالے سے سوالات پوچھنے چاہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں نے جو کہ اس سب میں ملوث رہے آخر کس کے کہنے پر انہوں نے یہ سارا کام کیا ہے۔ میں ملک کا وزیر اعظم اور پنجاب کا وزیر اعلیٰ رہا ہوں ایسا نہیں ہوتا کہ  ایک لائن میں لگ کر سب غیر قانونی کام شروع کردیں کس نے الیکشن کمیشن کا عملہ اغوا کیا؟ کس نے جعلی ووٹوں سے تھیلے بھرے۔ کس نے ووٹوں کی شرح کو بڑھایا۔ کس نے چیف سیکریٹری، آئی جی اور ضلع انتظامیہ سے کس نے الیکشن کمیشن کی حکم عدولی کروائی؟ کمیشن کے پاس آئینی اختیار ہے کہ وہ تمام ذمہ داران افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے۔ اور وہ ووٹ چوری کے مجرمانہ عمل کے مرتکب کرداروں کو قرار واقعی سزا دے کہ کسی کو مستقبل میں عوام کی امنات میں خیانت اور اس غداری کی جرات نہ ہو سکے۔ ووٹ چوری کے عمل میں حصہ لینے والے اسکو کروانے اور اسکی نگرانی کرنے والے اور سرکاری ملازمین سب اس جرم میں برابر کے ذمہ دار ہیں۔

جب ووٹ چوری ہوتا ہے تو عوام کا آٹا، چینی، گیس، روزگار، امن و سکون سب کچھ چوری ہوجاتا ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن یہ کام جلد از جلد کرے کہ قوم کے غداروں ووٹ چوروں کو سخت سے سخت سزا ملے اور میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ قوم اس نیک کام میں آپ کے ساتھ ہے۔