لاہور پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس نے پی ٹی آئی رہنما میاں عباد فاروق، زبیر نیازی اور 80 نامعلوم پارٹی کارکنوں پر مبینہ طور پر پولیس کی گاڑی پر حملہ کرنے، پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دینے اور شہر میں نافذ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے الزام میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں نے 'جیل بھرو تحریک' کے تحت رضاکارانہ طور پر ہتھیار ڈالتے ہوئے پولیس کی گاڑی پر حملہ کیا اور دہشت پھیلائی۔
دوسری جانب، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کاکہنا ہے کہ تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی قیادت اور کارکنان آج پشاور میں گرفتاریاں دیں گے۔
سماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ جیل بھرو زندان بھرو تحریک کا دوسرا دن آج پشاور کے نام، ہتھکڑی کو چوم کر آزادیوں کا پیغام دیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ انشاءاللہ لاہور کی طرح پشاور بھی انصاف کیلئے اور مہنگائی کے خلاف گرفتاریوں کی اس تحریک کیلئے باہر نکلے گا۔
https://twitter.com/fawadchaudhry/status/1628613218217205760?s=20
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی جانب سے جیل بھرو تحریک کا آغاز کل سے صوبائی دارالحکومت لاہور سے کیا گیا۔ تحریک کے پہلے روز پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، جنرل سیکرٹری اسد عمر سمیت کئی رہنماؤں اور 80 سے زائد کارکنوں نے رضاکارانہ گرفتاریاں پیش کیں۔ گرفتاری دینے والے رہنماؤں اور کارکنان کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا ہے۔