پاکستان مسلم لیگ ن کو پنجاب اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل ہونے کے بعد نامزد رہنما مریم نواز ملک کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ بننے کے لیے تیار ہیں۔ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 سے جیتی ہوئی نشست چھوڑ دی۔
مسلم لیگ ن کی طرف سے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز حلقہ این اے 119 سے دستبردار ہوگئیں۔ سینیئر لیگی نائب صدر پی پی 159 کی نشست سے وزارت اعلیٰ کا عہدہ سنبھالیں گی۔
مریم نواز نے این اے 119 سے دستبرداری کا خط الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا ہے۔ جس پر الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات کروائے گا۔
لیگی ذرائع کے مطابق مریم نواز کی جیتی ہوئی نشست پر ن لیگ کے رہنما سعد رفیق کو ٹکٹ دیا جائے گا۔ سعد رفیق 8 فروری کے عام انتخابات میں این اے 122 سے آزاد امیدوار لطیف کھوسہ سے ہار گئے تھے۔
مریم نواز لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 اور پی پی 159 سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔ن لیگ نے صوبائی اسمبلی کی نشست پر بھی کامیاب ہونے والی مریم نواز کو وزارت اعلیٰ کے لیے نامزد کیا ہے۔اس لیے وہ قومی اسمبلی کی نشست اپنے پاس نہیں رکھیں گی۔ قانون کے تحت منتخب رکن اپنے پاس ایک ہی نشست رکھ سکتا ہے۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے جس میں اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے جس کے بعد نئے سپیکر کا انتخاب کیا جائے گا جبکہ وزیراعلیٰ کا انتخاب اگلے مرحلے میں ہوگا۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر اسمبلی کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
مسلم لیگ ن نے پنجاب میں 133 نشستیں حاصل کی تھیں۔ 23 آزاد ارکان نے بھی مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس طرح سے پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے نو منتخب ارکان کی تعداد 160 ہے۔
اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کو خواتین کی 36 اور اقلیتوں کی 5 مخصوص نشستیں بھی الاٹ کردی گئی ہیں۔ اس طرح سے مخصوص نشستوں کو ملا کر پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن 201 ارکان کے ساتھ سب سے آگے ہے۔
پنجاب اسمبلی میں سادہ اکثریت کے لیے 186 ارکان کی حمایت درکار ہوتی ہے۔ مسلم لیگ ن کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے 14، مسلم لیگ (ق) کے 10 اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے 6ارکان کی حمایت بھی حاصل ہے۔ اس طرح مسلم لیگ ن کو پنجاب اسمبلی میں 230 ارکان کے ساتھ نمبر ون ہے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن نے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کو وفاق کے بجائے پنجاب اسمبلی کا رُکن بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ لیگی قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف کی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا۔
مریم اورنگزیب آج ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں بطور رُکن حلف اٹھائیں گی۔ مریم اورنگزیب نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی معاونت کریں گی۔