Get Alerts

امریکی صدر کے بیانات پر افغانستان حکومت کا سخت ردعمل

امریکی صدر کے بیانات پر افغانستان حکومت کا سخت ردعمل
افغان قوم اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کی اجازت کسی بھی غیر ملکی طاقت کو نہیں دے گی، افغان حکومت نے صدر ٹرمپ سے سفارتی سطح پر اُن کے بیانات کی وضاحت مانگ لی۔

افغانستان کے ایوان صدر کی جانب سے جاری کی گئی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ افغانستان دنیا میں سب سے زیادہ گہری جڑیں رکھنے والا اور قدیم ملک ہے جو اپنی تاریخ میں بے شمار بحرانوں پر قابو پانے میں کامیاب رہا ہے۔ افغان قوم اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کی اجازت کسی بھی غیر ملکی طاقت کو نہیں دے گی۔

ایوان صدر کی پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ دنیا کے ساتھ اور بلخصوص امریکہ کے ساتھ ہمارا تعاون اور شراکت داری باہمی مفادات اور احترام پر مبنی ہے، جبکہ افغان حکومت افغانستان میں امن کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے امریکی کوششوں کی حمایت کرتی ہے۔

افغان حکومت اس بات کی حوصلہ شکنی کرتی ہے کہ غیر ملکی سربراہان افغان قیادت کی غیر موجودگی میں افغانستان کی قسمت کا تعین کریں۔ افغانستان عالمی سیاسی میدان میں پروقار اور مضبوط رہے گا۔ افغانستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو دیکھتے ہوئے اسلامی جمہوریہ افغانستان، پاکستان کے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں امریکی صدر کے بیانات کی سفارتی سطح پر وضاحت چاہتی ہے۔



خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ پر افغانستان میں امن کے قیام کا مسئلہ بھی زیر بحث آیا، جس پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے پاکستان کے کردار کو سراہا اور افغان امن عمل میں پاکستان کی اہمیت کو تسلیم بھی کیا۔