حمزہ شہباز نے دربارہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھا لیا

حمزہ شہباز نے دربارہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھا لیا
نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

گورنر ہاؤس لاہور میں حمزہ شہباز سے گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے عہدے کا حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب حلف بردارری کی ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ حمزہ شہباز کے حلف اٹھانے کے فوری بعد 'ایک زرداری سب پہ بھاری' کے نعرے لگائے گئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے تاخیر سے شروع ہونے والے اجلاس کے دوران ڈرامائی صورتحال میں وزیراعلیٰ کے انتخاب میں حمزہ شہباز دوبارہ منتخب ہوگئے تھے۔

وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حمزہ شہباز کو 179 ووٹ ملے جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ (ق) کے امیدوار پرویز الٰہی کی حق میں 186 ووٹس آئے۔

تاہم صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت پرویز الہٰی کو ملنے والے ووٹوں میں سے (ق) لیگ کے تمام 10 ووٹ مسترد کردیے تھے جس کے بعد حمزہ شہباز 3 ووٹوں کی برتری سے وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے۔

جس پر پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) دونوں نے حمزہ شہباز کو پنجاب کا منتخب وزیراعلیٰ قرار دینے کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے متنازع فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا اور رات گئے ق لیگ کی جانب سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست بھی دائر کی گئی۔

یہ دوسری مرتبہ ہے کہ حمزہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے مقابلے میں پرویز الٰہی کو شکست دی۔

آخری بار جب انہوں نے 16 اپریل کو کامیابی حاصل کی تھی تو اس وقت کے گورنر عمر سرفراز چیمہ نے ان سے حلف لینے سے انکار کرتے ہوئے ان کی حلف برداری کئی دنوں تک ملتوی رکھی تھی جس کے بعد بالآخر، قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے لاہور ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق 30 اپریل کو ان سے حلف لیا تھا۔