Get Alerts

لاہور کے چینل City42 کے کارکن میں کورونا وائرس کی تصدیق، 41 مزید کارکنان خطرے کی زد میں

لاہور کے چینل City42 کے کارکن میں کورونا وائرس کی تصدیق، 41 مزید کارکنان خطرے کی زد میں
لاہور: معروف لوکل چینل City42 کے کارکن شکیل خٹک میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ نیا دور کے ذرائع کے مطابق ایک پیکج پروڈیوسر شکیل خٹک میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد 41 مزید کارکنان کے ٹیسٹ بھی کروائے گئے ہیں۔

ذرائع نے نیا دور کو بتایا کہ ان کارکنان کو قرنطینہ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے اور ان سے معلوم کیا جا رہا ہے کہ یہ اور کس کس سے گذشتہ چند روز میں ملاقات کر چکے ہیں۔

ذرائع نے نیا دور کو یہ بھی بتایا کہ City42 کے مزید کارکنان کے ٹیسٹ بھی مثبت آئے ہیں۔ تاہم، اس حوالے سے City42 کے ایک ذمہ دار شخص سے بات کی گئی تو انہوں نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ شکیل خٹک کی حد تک یہ بات درست ہے لیکن جن 41 لوگوں کے ٹیسٹ کروائے گئے ہیں، ان میں سے تاحال کسی کی بھی رپورٹ نہیں آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ رپورٹ کل آئے گی اور تب تک تمام 41 افراد کو تنہائی (isolation) میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان 41 افراد میں وہ خود بھی شامل ہیں اور اس وقت تنہائی میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں کہ ان کے 8 مزید کارکنان کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور کل جو بھی رپورٹس سامنے آئیں گی، ادارہ خود ان خبروں کی تصدیق کر دے گا۔

’’یہ کوئی چھپانے والی بات نہیں ہے۔ ہم نے شکیل خٹک کے حوالے سے خبر بھی خود ہی دی تھی۔ مستقبل میں بھی کچھ ایسا ہوا تو ہم خود اس کی تصدیق کر دیں گے۔ یہ بیماری ہے اور کسی کو بھی ہو سکتی ہے‘‘۔

میڈیا انڈسٹری کے ایک مدیر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر نیا دور کو بتایا کہ اس وقت تکمیڈیا ہاؤسز میں کسی قسم  کے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔ ’’ہزاروں میڈیا ورکرز خطرے کی زد میں ہیں اور اس وقت میڈیا مالکان کی اولین ترجیح یہ ہونی چاہیے کہ وہ اپنے ورکرز کی حفاظت کا بندوبست کریں، نہیں تو تمام نیوز رومز اس وبا کی لپیٹ میں آ جائیں گے۔



یہ بھی پڑھیے: صحافی برادری ہوشیار! پاکستان میں پہلے صحافی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی







اس سے قبل حافظ آباد کے ایک صحافی فلک شیر کو بھی کورونا وائرس کی تشخیص کی گئی تھی۔ فلک شیر نے اس بابت اپنی فیسبک پر پوسٹ بھی کی تھی۔

فلک شیر وزیر آباد کے رہائشی ہیں اور اب تک نیوز کے لئے رپورٹنگ کرتے ہیں۔ انہوں نے اب سے قریب ایک گھنٹہ قبل فیسبک کے ذریعے اس امر کی تصدیق کی ہے۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’’عالمی وبا وزیرآباد پہنچ چکی ہے جس کی تصدیق میرے ٹیسٹ کے بعد ہوئی کیونکہ میری بیرون ملک کوئی ٹریول ہسٹری نہیں صرف نزلہ زکام، پیٹ میں درد اور موشن لگے تھے۔ اس کے علاوہ کوئی علا مت نہیں۔ یہاں تک کہ بخار بھی نہیں ہوا۔ تمام دوست میری صحت یابی کی دعا کرو‘‘۔