Get Alerts

نیب کی درخواست منظور: مریم نواز کی پیشی کے موقع پر نیب لاہور ریڈ زون ہوگا، رینجرز تعینات ہوگی

نیب کی درخواست منظور: مریم نواز کی پیشی کے موقع پر نیب لاہور ریڈ زون ہوگا، رینجرز تعینات ہوگی
پنجاب حکومت نے مریم نواز کی پیشی کے موقع پر نیب آفس کو ریڈ زون قرار دینے کی منظوری دے دی۔

مریم نواز کی 26 مارچ کو نیب پیشی کے حوالے سے نیب لاہور نے وفاقی وزارت داخلہ اور پنجاب حکومت کو رینجرز اور پولیس کی تعیناتی کےلئے درخواست دی جس میں نیب دفتر کو ریڈ زون قرار دینے کی بھی استدعا کی گئی۔

وفاقی وزارت داخلہ نے نیب آفس لاہور کی سیکورٹی کیلئے رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔ نیب آفس کے احاطے کی سیکورٹی رینجرز اور پولیس کے سپرد ہوگی۔ پنجاب حکومت نے بھی نیب آفس کو ریڈ زون قرار دینے کی نیب لاہور کی درخواست منظور کرلی۔ 

یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے نیب لاہور کو ریڈ زون ڈیکلیئر کرنے کی درخواست پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ڈرتے ہیں نیب والے ایک نہتی لڑکی سے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا ہے کہ دوران حراست نیب کےسلوک کی تفصیل اور حساب ابھی باقی ہے۔ اس نہتی لڑکی سے جس پر نیب نے قاتلانہ حملہ کیا۔ ناموں سمیت سب کچھ قوم کے سامنے آئے گا۔

نیب لاہور میں مریم نواز کی 26 مارچ کو پیشی کے دوران گرفتاری کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں  تاہم میڈیا کا وہ حصہ جو حکومت کا ہمدرد ہے اسکے ذرائع کے حوالے دعووں کے مطابق نیب کی جانب سے مریم نواز کی گرفتاری کے کوئی امکانات موجود نہیں۔

لاہور ہائی کورٹ نے نیب اور مریم نواز سے 7 اپریل 2021 کو جواب طلب کر رکھا ہے اور ہائی کورٹ میں کیس کا جواب جمع کروانے کیلئے مریم نواز کو طلب کیا گیا ہے۔ ان کیلئے چوہدری شوگر ملز کیس میں صرف سوالنامہ رکھا جائے گا۔ چوہدری شوگر ملز کیس کی پیشی مکمل ہونے پر جاتی عمرہ اراضی کیس میں سوال ہونگے۔ تفتیش کا ریکارڈ نیب حکام ہائی کورٹ کے روبرو پیش کرینگے۔