کرونا وائرس کے باعث قرنطینہ میں موجود وزیراعظم عمران خان نے اپنی رہائشگاہ پر حکومتی میڈیا ٹیم سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم کو ملکی سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کرونا کی تیسری لہر خطرناک ہے، ملک بھر میں ویکسینیشن کا عمل جاری ہے، کرونا ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کروایا جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے حکومتی ٹیم کو ہیلتھ کارڈ کے اجراء کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی احتساب عدالت پیشی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی پیشی کے موقع پر کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔
خیال رہے کہ نیب نے مریم نواز کو 26 مارچ کو طلب کر رکھا ہے اور مریم نواز کی عدالت پیشی کے موقع پر کسی بھی قسم کی بدمزگی سے بچنے کے لیے حکومت نے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ن لیگ کی جانب سے رکن قومی و صوبائی اسمبلی کو اپنے ساتھ قافلے کے لئے 200 کارکنوں کو ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے، مریم نواز ریلی کی صورت میں فیروز پور روڈ سے ہوتے ہوئے براستہ کنال روڈ نیب آفس ٹھوکر نیاز بیگ پہنچیں گی۔ ریلی کے راستے میں جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ بھی لگائے جائیں گے، جب کہ مسلم ٹاؤن موڑ پر بڑا استقبالیہ کیمپ لگایاجائےگا۔
ذرائع (ن) لیگ کے مطابق اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز بھی مریم نواز کے ہمراہ ریلی کی قیادت کریں گے۔