وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزراء اسد عمر، پرویز خٹک، شیخ رشید اور فواد چوہدری نے شرکت کی جس میں ملکی سیاسی صورت حال اور اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومتی کمیٹی نے وزیراعظم کو اتحادیوں سے ہونے والے مذاکرات پر بریفنگ دی اور انہیں آگاہ کیا کہ اتحادی اب اتحادی نہیں رہے، ہمارے ساتھ نہیں چلنا چاہتے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ حکومتی کمیٹی کا بریفنگ میں کہنا تھا کہ مزید لڑائی عوام اور عدالتوں کے ذریعے ہی لڑ سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی کا کہنا تھا 27 مارچ کے جلسے میں عوام کو بتایا جائے کہ کس طرح چور ڈاکو عوام پر مسلط ہونے کی تیاری کر رہے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ مافیا ملک میں ترقی نہیں چاہتا، ہم اپنا فیصلہ عوام کی عدالت میں چھوڑتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں ناراض اراکین سے بھی دوبارہ رابطہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ عدالت کے ذریعے انہیں تاحیات نااہل کروانے پر زور دیا جائے۔