وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ایک بھی شرپسند قانون کے مطابق کڑی سزا سے نہیں بچنا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی بے گناہ کا ٹرائل نہ ہو۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ہوا جس میں سانحہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعلی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ9مئی پاکستان کی تاریخ میں سیاہ ترین دن کی حیثیت سے یاد رکھا جائے گا۔ نامزدشرپسندوں کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ تمام کیسز کی پیشہ ورانہ انداز سے تفتیش کو آگے بڑھایا جائے۔ ان واقعات میں ملوث ایک بھی شرپسند قانون کے مطابق کڑی سزا سے نہیں بچنا چاہیے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی بے گناہ کا ٹرائل نہ ہو۔ پولیس اور پراسیکیوشن بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ کیسوں کی پیروی کریں۔ جناح ہاؤس اور عسکری مقامات پر حملہ کرنے والے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔
انسپکٹر جنرل پولیس نے شرپسندوں کی گرفتاریوں، شناخت، تفتیش اورمقدمات پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سی سی پی اولاہور، سیکرٹری قانون، سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن اور اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شر کت کی۔
حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔