Get Alerts

ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ: شاہینوں نے بنگال ٹائیگرز کو ہرا کر ٹائٹل جیت لیا

ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ: شاہینوں نے بنگال ٹائیگرز کو ہرا کر ٹائٹل جیت لیا
ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے فائنل معرکے میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 77 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

میرپور بنگلہ دیش میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے  ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنائے۔ پاکستان نے کی جانب سے بلے بازی کرتے ہوئے روحیل نذیر نے 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ عمران رفیق 62  اور کپتان سعود شکیل 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔



بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کے دونوں اوپنرز 41 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئے۔ حیدر علی 26 اور عمیر بن یوسف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر اور عمران رفیق نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 117 رنز کی شراکت قائم کی۔ عمران رفیق 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 62 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔



چوتھی وکٹ کے لیے روحیل نذیر نے سعود شکیل کے ہمراہ 85 قیمتی رنز جوڑ کر میچ میں قومی ایمرجنگ ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی۔ روحیل نذیر نے 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔



کپتان سعود شکیل 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مڈل آرڈر بلے باز خوشدل شاہ کی 16 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز نے میچ میں پاکستان کا مجموعہ 300 کے پار لگا دیا۔



سکور کا دفاع کرتے ہوئے پاکستانی گیندبازوں نے نپی تلی باؤلنگ کی۔ پاکستانی گیندبازوں کی گھومتی گیندوں نے میزبان بنگلہ دیش کی ٹیم کو 44ویں اوور میں 224 رنز پر ڈھیر کر دیا۔



پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے 35 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ خوش دل خان اور سیف بابر نے 2، 2 اور عمر خان، عماد بٹ اور سمین گل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔



یاد رہے کہ پاکستان روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے کر اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچا تھا۔