Get Alerts

لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کر دیا گیا

لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک اس وقت جی ایچ کیو میں ایڈجوٹنٹ جنرل کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اس سے پہلے بلوچستان میں انفنٹری ڈویژن اور وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کمانڈ کر چکے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کر دیا گیا

پاک فوج نے لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی کا نیا ڈائریکٹر جنرل تعینات کر دیا، جنرل عاصم ملک 30 ستمبر کو اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک اس وقت جی ایچ کیو میں ایڈجوٹنٹ جنرل کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اس سے پہلے بلوچستان میں انفنٹری ڈویژن اور وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کمانڈ کر چکے ہیں۔

اس کے علاوہ وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں چیف انسٹرکٹر اور کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں انسٹرکٹر بھی رہ چکے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم فورٹ لیون ورتھ اور رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز کے گریجویٹ بھی ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم اپنے کورس میں اعزازی شمشیر بھی حاصل کر چکے ہیں۔

یاد رہے اس وقت لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم ڈی جی آئی ایس آئی ہیں جنہیں 20 نومبر 2021 کو لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی جگہ ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا تھا۔ اس وقت جنرل قمر جاوید باجوہ آرمی چیف تھے جبکہ عمران خان وزیر اعظم تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی تعیناتی پر آرمی چیف اور وزیر اعظم میں اختلافات پیدا ہو گئے تھےکیونکہ عمران خان لیفٹینٹ جنرل فیض حمید کو ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے برقرار رکھنا چاہتے تھے، تاہم بعد میں عمران خان جنرل ندیم انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی لگانے پر راضی ہو گئے تھے۔

کہا جاتا ہے کہ یہی تعیناتی جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر اعظم عمران خان کے مابین اختلافات کی بڑی وجہ بنی جس کے بعد عمران خان کے خلاف پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد لا کر ان کی حکومت کو ختم کر دیا گیا تھا۔

ستمبر 2023 میں لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو مدت ملازمت میں توسیع دے کر تاحکم ثانی ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر برقرار رکھا گیا تھا۔