وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر کا تقرر اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر کا تقرر اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج
وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب و داخلہ مرزا شہزاد اکبر کے تقرر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ سید پرویز ظہور ایڈووکیٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں مرزا شہزاد اکبر کے تقرر کے خلاف درخواست دائر کی، جس میں وزیر اعظم، چیئرمین نیب اور مرزا شہزاد اکبر سمیت کابینہ ڈویژن کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 22 جولائی کو مرزا شہزاد اکبر کے تقرر کا دوبارہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جبکہ سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنی درخواست میں مرزا شہزاد اکبر کے تقرر پر سوالات اٹھا چکے ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق اس بات میں کوئی شک نہیں کہ مرزا شہزاد اکبر اپنے تقرر کے لیے سیاسی اثر و رسوخ کو استعمال کررہے ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و ریکوری یونٹ مرزا شہزاد اکبر کے تقرر کو کالعدم قرار دے اور عدالت فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرے۔

مذکورہ درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کل (بروز منگل) سماعت کریں گے۔

خیال رہے کہ رواں سال 22 جولائی کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا عہدہ تبدیل کر کے انہیں عمران خان کا مشیر برائے داخلہ و احتساب مقرر کر دیا گیا تھا۔

کابینہ سیکریٹریٹ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صدر مملکت نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر مرزا شہزاد اکبر کو عمران خان کا مشیر برائے احتساب اور داخلہ امور مقرر کیا، اس سے قبل وہ معاون خصوصی برائے احتساب اور داخلہ امور اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔