سکھر کی تحصیل پنو عاقل میں 11 افراد کے لرزہ خیز قتل کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں ڈیڑھ سال سے لے کر بڑی عمر کے افراد کو درد ناک طریقے سے قتل کیا گیا تھا۔ خاندان کے گیارہ افراد کو بے دردی سے قتل کرنے والے ملزم کا اعترافی بیان سامنے آ گیا ہے۔
پولیس نے لرزہ خیز قتل پر کارروائی کرتے ہوئے 60 سالہ ملزم کو گھوٹکی سے گرفتار کیا تھا۔ بیوی، بچوں، پوتے اور پوتیوں کو قتل کرنے والے عبدالوہاب انڈھڑ نے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ اس نے پیر کے کہنے پر خاندان کے 11 افراد کو قتل کیا ہے۔
عبدالوہاب انڈھڑ نے کہا کہ اسے اللہ تعالیٰ نے خواب میں حکم دیا تھا کہ وہ اپنے کنبے کی قربانی دے تاکہ بڑی تباہی سے بچ سکے۔
ملزم نے مزید بتایا کہ تیز دھار چھری کے وار سے بیوی اور بچوں سمیت دیگر افراد کو قتل کیا۔
یاد رہے کہ سکھر ضلع کی تحصیل پنوعاقل کے کینٹ تھانے کی حدود کے گاؤں محمد حسن انڈھڑ میں وہاب اللہ انڈھڑ نے تیز دھار آلے سے اپنی بیوی، چار بیٹیوں اقرا، اسرہ، ثریا، حاجانی، تین بیٹوں محمد احسن، محمد اسد، ایک سالہ بیٹے، بہو نسیم زوجہ حبیب اللہ، پوتی بے بی نازیہ اور پوتے علی شیر سمیت گھر کے 11 افراد کو اس وقت قتل کردیا جب وہ گھر میں سو رہے تھے۔
گھر کے دیگر افراد جب صبح اٹھے تو ان 11 افراد کو مردہ حالت میں پایا اور واقعہ کی اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا تھا۔