چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کو جیل میں دی جانے والی سہولیات سے متعلق ریمارکس پر پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا ردعمل سامنے آگیا۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو جیل میں ساتھیوں سے بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
مریم نواز نے ایکس(سابق ٹویٹر) پیغام میں کہا کہ جس حالت میں چوروں کو رکھا جاتا ہے۔ عمران خان کو جیل میں اس سے بہت بہتر حالت میں رکھا گیا ہے۔یہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی طرح انتقام پر مبنی سیاسی مقدمہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف کرپشن کیسز میں مجرم ثابت کرنے کے لیے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہینوں صفائی کے متعدد مواقع دیے گئے مگر چیف جسٹس بندیال صاحب کا لاڈلا ان کی ناک کے نیچے عدالت سے بھاگتا رہا۔ تب کیوں نا بولے؟
جس حالت میں چوروں کو رکھا جاتا ہے، اس سے بہت بہتر حالت میں رکھا گیا ہے۔یہ نواز شریف کی طرح انتقام پر مبنی سیاسی مقدمہ نہیں ہے، یہاں چوری ثبوتوں کے ساتھ پکڑی گئی ہے،مہینوں صفائی کے متعدد مواقع دیے گئے مگر بندیال صاحب کا لاڈلا ان کی ناک کے نیچے عدالت سے بھاگتا رہا۔ تب کیوں نا بولے؟ pic.twitter.com/NWoKiRiWqg
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) August 24, 2023
واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ میں توشہ خانہ کیس کیخلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہاکہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کو کس حالت میں رکھا گیاہے؟ ہمیں چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل کی حالت زار بارے آفیشلی جواب دیا جائے ۔
چیف جسٹس نے کہا کہ وفاقی حکومت چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں دی گئی سہولیات سے متعلق تحریری جواب دے۔ ہائی کورٹ کیس سن رہی ہے۔ اس کا انتظار کریں گے۔ دیکھیں ہائی کورٹ کیا فیصلہ کرتی ہے۔ ممکن ہے ہائی کورٹ ریلیف دیدے۔ پہلے ہائی کورٹ کو فیصلہ کرنے دیں۔ اس کے فیصلے کے بعد ہم کیس سنیں گے۔