فواد چودھری کی دھمکی: پنجاب اور کے پی گورنر کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کریں گے

فواد چودھری کی دھمکی: پنجاب اور کے پی گورنر کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کریں گے
پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری کی دھمکی سامنے آئی ہے جنہوں نے کہا کہ اگر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب، الیکشن کمیشن اور سرکاری افسران نے موجودہ حکومت کا ساتھ دیا تو ان کے خلاف وہ اور ان کے کارکن خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

لاہور میں پی ٹی آئی کے دیگر اراکین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے فواد چودھری نے کہا کہ ہم نے بہت صبر کر لیا، اب ہم مزید صبر نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آئی تو گورنر پنجاب اور گورنر کے پی کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کریں گے۔

فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت 65 فیصد نشستیں خالی ہیں۔ نگران وزیر اعلیٰ تو ایک چہرہ ہیں مگر ان کے پیچھے کوئی اور ہے۔ پاکستان کی پارلیمنٹ میں 40 فیصد نشستیں اس وقت خالی ہیں۔ آپ کچھ عرصے کے لئے ہیں، مگر اس کے بعد ہم آپ کا پیچھا کریں گے، ہم آپ لوگوں کا پیچھا کریں گے۔ آپ کو ہرگز معاف نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار اور بادشاہی ہمیشہ نہیں رہتی۔ ہم نے اس حکومت میں اداروں کا زوال دیکھا ہے۔ 22 کروڑ لوگوں کا ملک ہے جس کی کسی کو پروا نہیں۔ جس طریقے سے نگران وزیر اعلیٰ کی نامزدگی ہوئی، لاہور کے لوگوں نے اسے مسترد کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو بتا دیا ہے کہ 25 مئی کے واقعات میں ملوث لوگوں کو ان کے عہدوں سے فوری ہٹایا جائے۔

خیال رہے کہ 23 جنوری کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ایک خطاب میں کہا تھا کہ وہ پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ کی تعیناتی کو نہیں مانتے، اس کے علاوہ انہوں نے محسن نقوی پر سنگین الزامات بھی لگائے تھے جن کے مطابق عمران خان کی حکومت گرانے میں وہ پیش پیش رہے تھے۔ سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ فواد چودھری کی دھمکی کارکنان کو حوصلہ دینے کا ایک طریقہ دکھائی دیتی ہے۔