آپ دونوں تو وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں اس میں کیا شک ہے؟: فیصل واوڈا، اسد عمر اور شاہ محمود پر برس پڑے

آپ دونوں تو وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں اس میں کیا شک ہے؟: فیصل واوڈا، اسد عمر اور شاہ محمود پر برس پڑے

ذرائع نے بتایا ہے کہ  کابینہ اجلاس میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا انٹرویو زیر بحث رہا۔ اور وزرا نے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ جس میں اسد عمر اور شاہ محمود قریشی پیش پیش رہے۔ جبکہ فیصل واوڈا نے بھی فواد چوہدری کا ساتھ دیا۔ 


دوسری جانب جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق  وزیراعظم کی سربراہی میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فواد چوہدری کے وائس آف امریکا کو دیے گئے انٹرویو پر وفاقی وزراء اسد عمر اور شاہ محمود نے اعتراض اٹھایا اور احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری نے انتہائی غیر ذمہ داری دکھائی ہے۔ جس پرفواد چوہدری نے کہا کہ یہ میرا تجزیہ ہے کہ جہانگیر ترین، اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کی لڑائی نے تحریک انصاف میں سیاسی عناصر کو نقصان پہنچایا۔


 جبکہ دوران اجلاس ایک موقع پر وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے بھی اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کو ہدف تنقید بنایا۔


فیصل واوڈا کا اجلاس کے دوران کہنا تھا کہ  آپ دونوں تو وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں، اس میں کیا شک ہے؟ آپ کی لڑائی سے حکومت کا نقصان ہوا ہے۔انہوں نے ساتھی وزراء پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں 'سب اچھا 'کی رپورٹ دی جاتی ہے جب کہ کارکردگی کچھ اور ہے۔