Get Alerts

جیل بھرو تحریک: شاہ محمود قریشی اور اسد عمر سمیت پی ٹی آئی کے نظر بند 83 کارکنان رہا

جیل بھرو تحریک: شاہ محمود قریشی اور اسد عمر سمیت پی ٹی آئی کے نظر بند 83 کارکنان رہا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور رہنما اسدعمر سمیت پی ٹی آئی کے نظر بند 83 کارکنان کو رہا کر دیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر  پی ٹی آئی  کی جیل بھرو تحریک میں گرفتار ہونے والے رہنماؤں کو رہا کر دیا گیا۔ سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، سابق صوبائی وزیر مراد راس، اعظم خان نیازی اور سینیٹر ولید اقبال بھی رہائی پانے والوں میں شامل ہیں۔

رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر نے کہاکہ جیل جانے پر فخر ہے۔ بند کمروں میں ہونے والے فیصلے ختم ہونے جا رہے ہیں۔

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1631906493069946882

لاہور سے اسد عمر سمیت 24 کارکنان جبکہ سرگودھا سے 59 کارکنان کو ڈسٹرکٹ جیل راجن پور منتقل کیا گیا تھا۔

سر گودھا کی جیل سے تحریک انصاف کے ذلفی بخاری اور فیاض الحسن چوہان کو بھی رہا کر دیا گیا جبکہ صداقت عباسی،اعجاز خان جازی،لطافت عباسی سمیت دیگر بھی رہا ہونے والوں میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ،سینیٹر ولید اقبال اور بھی جیل سے رہا۔

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک میں گرفتار ہونے والے رہنماؤں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے فواد چوہدری کی درخواست پرحکم جاری کیا۔ عدالت نے شاہ محمود قریشی، اسدعمر سمیت تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کی نظربندی کے احکامات معطل کردیے۔

عدالت نے نظربند رہنماؤں کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے پنجاب حکومت سمیت فریقین سے 7 مارچ کو جواب بھی طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 22 فروری سے لاہور سے جیل بھرو تحریک کا آغاز کیا تھا۔ جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتاری دینے والے کارکنان کو پنجاب کے دور دراز جیلوں میں منتقل کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں ایم پی او کے تحت ایک ماہ کیلیے نظر بند بھی کیا گیا تھا۔