Get Alerts

پنجاب اسمبلی نے اسپیکرچوہدری پرویز الہٰی کا اسمبلی استحقاق بل منسوخ کردیا

پنجاب اسمبلی نے اسپیکرچوہدری پرویز الہٰی کا اسمبلی استحقاق بل منسوخ کردیا
پنجاب اسمبلی نے اسپیکرچوہدری پرویز الہٰی کا اسمبلی استحقاق بل منسوخ کردیا۔

پنجاب اسمبلی میں مختلف بل پیش کئے گئے۔ اسپیکر چوہدری پرویزالہیٰ کا اسمبلی کے استحقاق سے متعلق بل منسوخ کردیا گیا۔

ایوان نے پنجاب اسمبلی استحقاق بل 2022 کے ذریعے سرکاری ملازمین کیخلاف سخت سزائیں دینے کا قانون ختم کر دیا۔ قانون کے تحت استحقاق کمیٹی کو سرکاری افسران کو 6 ماہ قید اور جرمانے کی سزا سنانے کا اختیار دیا گیا تھا۔

وزیراعلی پنجاب کو عہدہ چھوڑنے کے بعد ملنے والی متعدد مراعات کے خاتمے کا بل منظور کر لیا گیا۔ ایوان نے سابق وزرائے اعلی کی مراعات کے حوالے سے عثمان بزدار حکومت کی ترامیم قانونی بل کے ذریعے متفقہ طور پر ختم کر دیں۔

بل کے ذریعے بزدار دور میں منظور کی گئی سابق وزرائے اعلی اور وزرا کی اضافی مراعات کا خاتمہ کر دیا گیا۔پی ٹی آئی حکومت نے سابق وزرائے اعلی کے لئے ایلیٹ کی 2 گاڑیاں اور 17 ویں گریڈ سے اوپر 2 افسروں سمیت مجموعی طور پر 5 افسروں کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔حالیہ ترمیم کے بعد سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا مراعات کا مطالبہ مسترد کر دیا گیا۔

پنجاب منسٹرز ترمیمی بل 2022 کے ذریعے وزیراعلی اور وزرا کی 2019 کی مراعات بحال کر دی گئیں۔ صوبائی اسمبلی کو محکمہ قانون کے ماتحت کرنے کے آرڈیننس کی منظوری دے دی گئی۔

ایوان نے پروونشل اسمبلی سیکرٹریٹ سروسز بل 2022 کے ذریعے گورنر پنجاب کے آرڈیننس کی منظوری دے دی۔