کرونا وائرس سے پنجاب میں پہلی ہلاکت، وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی تصدیق

کرونا وائرس سے پنجاب میں پہلی ہلاکت، وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی تصدیق
دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور یہ تعداد 900 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اس عالمی وبا سے پنجاب میں پہلی ہلاکت ہوئی ہے۔

پنجاب میں اس پہلی ہلاکت کے بعد ملک میں مجموعی اموات کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ٹوئٹ میں مریض کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ بدقسمتی سے کرونا وائرس کا شکار 57 سالہ شخص میو ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گیا۔

انہوں نے لکھا کہ یہ پورے ملک کے لیے مشکل وقت ہے، اس وبا سے لڑنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ گھروں میں رہیں اور حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔



خیال رہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 265 ہو گئی ہے۔ ان کیسز میں 176 وہ زائرین ہیں جو ایران سے پاکستان آئے، اس کے علاوہ 59 کیسز لاہور، 2 ملتان، 2 راولپنڈی، 12 گجرات، 3 جہلم، 7 گوجرانوالہ اور ایک ایک فیصل آباد، منڈی بہاالدین، رحیم یار خان اور سرگودھا سے ہے۔

اس وائرس سے ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 900 سے زائد ہو چکی ہے جبکہ 7 افراد انتقال بھی کرچکے ہیں، جس میں حالیہ انتقال کے سوا دیگر 3 کا تعلق خیبرپختونخوا، ایک کا سندھ، ایک کا گلگت بلتستان اور ایک بلوچستان سے ہے۔

اگر ملک میں مجموعی تعداد پر نظر ڈالیں تو اس وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے جہاں متاثرین کی تعداد 394 ہے جبکہ پنجاب 265 متاثرین کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اسی طرح بلوچستان میں 110 افراد جبکہ خیبرپختونخوا میں 38 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ مزید برآں اسلام آباد میں 15 اور آزاد کشمیر میں ایک شخص متاثر ہے۔