پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تمام اختلافی معاملات مل جل کر حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
جیو نیوز کی خبر کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کو مشترکہ فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے، فیصلے کے مطابق سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کی نشست ن لیگ کی ہے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ امید ہے پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کے مشترکہ فیصلوں کا احترام کرے گی۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے تمام معاملات مل جل کر حل کرنے پر اتفاق کیا اور پی ڈی ایم قیادت کی مداخلت کے بعد دونوں جماعتوں نے اپنے کارکنوں اور ترجمانوں کو مخالف بیان بازی سے روک دیا۔