Get Alerts

مولانا فضل الرحمان وزیراعظم کا دورہ ٹانک سبوتاژ کر رہے ہیں، مسلم لیگ ن کے رہنما کا الزام

مولانا فضل الرحمان وزیراعظم کا دورہ ٹانک سبوتاژ کر رہے ہیں، مسلم لیگ ن کے رہنما کا الزام
مسلم لیگ ن کے رہنما سمیع اللہ برکی نے الزام عائد کیا ہے کہ ضلع ٹانک کی تباہی کے ذمہ دار مولانا فضل الرحمان ہیں، وہ اب وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ٹانک کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم میاں شہباز شریف کے ملک گیر دوروں کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما سمیع اللہ برکی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا کہ وزیراعظم شہباز کے خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک کے دورے کو مولانا فضل الرحمن ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹانک خیبر پختونخوا کا پسماندہ ترین ضلع ہے اور ٹانک کی محرومیاں صرف اور صرف مولانا فضل الرحمن کی وجہ سے ہیں۔

سمیع اللہ برکی نے مزید کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کے دورہ ٹانک کو مولانا فضل الرحمن اپنے سیاسی حلقے ڈی آئی خان منتقل کرنا چاہتے ہیں۔ ٹانک کی پسماندگی کے ذمہ دار مولانا فضل الرحمان تیس سال سے منتخب ہورہے ہیں لیکن آلودہ پانی، تباہ حال سڑکوں اور لوڈشیڈنگ کے مسائل آج بھی اسی طرح سے عوام کو درپیش ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ کئی دہائیوں سے کوئی منتخب وزیراعظم نے ٹانک کا دورہ نہیں کیا مگر اس بار ہم نے شہباز شریف کو دورے کی دعوت دی تاکہ وہ وہاں کی محرومیوں کو دیکھ کر ان کا حل نکال سکیں لیکن مولانا فضل الرحمان اس دورے کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ وہ ٹانک کی بجائے اس دورے کو ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کرنا چاہتے ہیں۔

سمیع اللہ برکی نے مزید کہا کہ مولانا صاحب کا دوغلا پن ہے کہ وہ ٹانک کو جان بوجھ کر محروم رکھنا چاہتے ہیں۔ اس لئے اس دورے کو یہاں سے اپنے آبائی حلقے ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کرنا چاہتے ہیں مگر ہم اس کو کامیاب نہیں کرنے دینگے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیر اعظم ضلع ٹانک کا دورہ کریں۔