اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مرتب کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2021 کے پہلے 8 ماہ میں میں افغانستان، چین، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھارت، ایران، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کو برآمدات ایک ارب 17 کروڑ ڈالر رہ گئیں جو گزشتہ سال ایک ارب 50 کروڑ ڈالر تھیں۔
دوسری جانب زیر جائزہ عرصے کے دوران اس خطے کے ساتھ ملک کا تجارتی خسارہ قدرے کم ہوگیا کیونکہ ان ممالک سے درآمدات میں بھی کمی آئی ہے۔
افغانستان کی پاکستان کی برآمدات مالی سال 2021 کے پہلے 8 ماہ میں 13.6 فیصد کم ہوکر 62 کروڑ 92 لاکھ رہ گئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 72 کروڑ 83 لاکھ ڈالر تھیں۔
واضح رہے کہ افغانستان، پاکستان کے لیے امریکا کے بعد دوسری بڑی برآمدی منڈی تھا۔
افغانستان سے درآمدات میں خاص طور پر باورچی خانے کی ضروری اشیا جیسے ٹماٹر، آلو، پیاز اور تازہ اور خشک میوہ جات میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
پاکستان کی چین کو برآمدات بھی مالی سال 2021 کے پہلے 8 ماہ میں 1.61 فیصد کی کمی سے ایک ارب 16 کروڑ رہ گئے جو گزشتہ سال ایک ارب 17 کروڑ ڈالر تھے۔