10 ماہ میں کھانے پینے کی اشیاء کی درآمدات 57.31 فیصد بڑھ گئیں

10 ماہ میں کھانے پینے کی اشیاء کی درآمدات 57.31 فیصد بڑھ گئیں
ملک میں کھانے پینے کی اشیاء کی درآمدات 10 ماہ میں 57.31 فیصد بڑھ گئیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق پاکستان نے جولائی تا اپریل1107 ارب 35 کروڑ 20 لاکھ روپےکی کھانے پینے کی اشیاء درآمد کیں جبکہ گزشتہ سال کھانے پینے کی اشیاء کی درآمدات 703 ارب 92 کروڑ روپے تھیں۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ جولائی تا اپریل چینی کی درآمدات 4 ہزار 447 فیصد بڑھیں اور اس عرصے میں 20 ارب 78 کروڑ 10 لاکھ روپےکی چینی درآمد کی گئی، مالی سال کے10 ماہ میں 2لاکھ 80 ہزار377 ٹن چینی درآمد کی گئی جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 45 کروڑ 70 لاکھ روپے کی چینی درآمد کی گئی تھی۔

ادارہ شماریات نے بتایاکہ جولائی تا اپریل157 ارب 78 کروڑ30 لاکھ روپے کی گندم درآمد کی گئی، مالی سال کے 10 ماہ میں 36 لاکھ 12 ہزار638 ٹن گندم درآمد کی گئی جبکہ گزشتہ سال اس عرصے میں گندم کی درآمد صفر تھی۔


ادارہ شماریات کے جاری اعداد وشمار کے مطابق خشک میوہ جات کی درآمدات سالانہ بنیادوں پر315.95 فیصد بڑھیں، جولائی تا اپریل 11 ارب 87 کروڑ روپے کے خشک میوہ جات درآمد کیےگئے تاہم گزشتہ سال اسی عرصے میں 3 ارب 96 کروڑ50لاکھ روپے کے میوہ جات درآمد ہوئے۔


ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ خوردنی تیل 10 ماہ میں 343 ارب 49 کروڑ 50 لاکھ روپے کا درآمد کیاگیا، گزشتہ سال اسی عرصے میں 246 ارب 72 کروڑ 50 لاکھ روپے کا خودرنی تیل درآمد ہوا جبکہ مصالحہ جات کی درآمدات میں 35.83 فیصد اور چائے کی درآمدات 16.32فیصد بڑھیں۔


ادارہ شماریات نے بتایا کہ جولائی تا اپریل 78 ارب 51 کروڑ 90 لاکھ روپے کی چائے درآمد کی گئی، گزشتہ سال اسی عرصے میں 67 ارب 50 کروڑ50 لاکھ روپے کی چائے درآمد کی گئی۔


ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا اپریل دالوں کی درآمدات میں12.61 فیصد کا اضافہ ہوا اور  دالوں کی درآمدات 87 ارب روپے سے زائد کی رہیں  جبکہ گزشتہ سال جولائی تا اپریل 77 ارب 30 کروڑ 60 لاکھ روپے کی دالیں درآمد کی گئیں۔