اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ کرونا سے بچنے کےلیے ہم سب کو ماسک پہننے چاہئیں، میں نے ویکسین اس لیے لگوائی کیونکہ چینی ویکسین کے خلاف بین الاقوامی سازش ہورہی تھی، ہسپتال میں جاکر اس لیے لگوائی کیونکہ لوگ ہسپتالوں پر باتیں کررہے ہیں، اللہ تعالی نے ہمیں کرونا کی پہلی دو لہروں سے بھی بچایا، انشاء اللہ تیسری سے بھی بچائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مریم نواز کی نیب پیشی کے موقع پر ہم نےپنجاب حکومت کی درخواست پر رینجرز تعیناتی کی منظوری دے دی ہے، یہ صوبائی مسئلہ ہے، اسلام آباد آتے تو ہمارا مسئلہ ہوتا، ن لیگ اپنے ہی گھر اور اکھاڑے میں پاور شو اور دنگل کرنے جارہی ہے، گزشتہ پیشی پر میڈیا نے ان کی گاڑیوں میں پتھروں کے ڈھیر دکھائے، یہ عمران خان کو نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کو شو آف پاور دکھانا چاہتے ہیں، اپوزیشن عمران خان کے لیے بہتری کے راستے بناتی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز نے خود تو حفاظتی ضمانت کروالی اور کارکنوں کو کہہ رہی ہیں کہ آگے آئیں، حالانکہ اصلی سیاست دان تو عوام کی ڈھال ہوتا ہے، عوام کو ڈھال نہیں بناتا، کسی نے شرارت نہیں کی تو قانون حرکت میں نہیں آئے گا، یہ مجھ سمیت تمام عوام کو بیوقوف بناکر باہر گئے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لاہور کا خاندان سلیکٹڈ ہے یا پیپلزپارٹی کا، ایک دوسرےپر سب کیس ان لوگوں نے خود بنائےہیں،عمران خان نے تو صرف تڑکا لگایا اور ایک آدھ کیس بنایا ہے، حکومتیں آتی ہیں اور جاتی ہیں جب تک بندہ مرتا نہیں کیس ختم نہیں ہوتا۔
شیخ رشید نے کہا کہ سینیٹ چیئرمین ن کا ہوگا یا پیپلزپارٹی سے مولانا فضل الرحمن کی حالت پر ترس آتاہے، ان کی سیاست خلا میں لٹ رہی ہے، پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش ہوچکی ہے، 11 پارٹیوں کے کوئی نام بتادے، 500 روپے انعام دوں گا، یہ ڈھائی پارٹیاں ہیں، ایک ایک ن لیگ اور پی پی کی جبکہ جے یو آئی کی آدھی پارٹی ہے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ لاہور والوں کو بتارہا ہوں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، لاہور میں 12 سے 14 فیصد کورونا ہو چکاہے، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کراچی میں ریڈ الرٹ ہے ، میں کسی کو ڈرا نہیں رہا ہوں۔